لاہور،ساہیوال(خصوصی نمائندہ،ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر حکومت نے سرکاری ملازمین کو صحت انصاف کارڈ جاری کرنے کافیصلہ کیا ہے ،وزیراعلیٰ نے سرکاری ملازمین کو صحت انصاف کارڈ کا اجراء جلد یقینی بنانے کے لئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ سرکاری ملازمین کو صحت انصاف کارڈ فراہم کرنے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں اور متعلقہ امور جلد طے کر کے حتمی شکل دی جائے ،انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمین ہسپتالوں میں تقریباً سوا 7لاکھ روپے تک علاج کی سہولت حاصل کرسکیں گے اوراس حد کو ضرورت پڑنے پر بڑھایا بھی جا سکتا ہے ،یہ وہ کام ہیں جو 70سال میں کسی حکومت نے نہیں کئے ، وزیراعلیٰ نے والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ملازمین کو مستقل کرنے کے فیصلے کی منظوری دیدی ہے ،وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ اس اقدام سے ملازمین میں عدم تحفظ کا احساس ختم ہوگا، والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا دائرہ کار پنجاب کے دیگر شہروں تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہواجس میں جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے جاری منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے فورٹ منرو میں 18 ریسٹ ہاؤسز کی تزئین و آرائش کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریسٹ ہاؤسز کی بکنگ کی آن لائن سہولت مہیا کی جائے گی، اجلاس میں ڈیرہ غازی خان اور فورٹ منرو میں پانی کے ذخیرے کیلئے چھوٹے ڈیم بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے ٹرائبل ایریا ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر محکموں کی پرانی گاڑیاں نیلام کرنے کا حکم دیا ،انہوں نے ہدایت کی کہ مانیکا کینال کی لائننگ کا کام ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے ، ڈیرہ غازی خان میں ٹرک باڈی انڈسٹری کو کسی مناسب جگہ پر شفٹ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان سمیت جنوبی پنجاب کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے سابق گورنر مغربی پاکستان نواب آف کالا باغ ملک امیر محمد خان مرحوم کے بیٹے ملک اسد خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔دریں اثناء وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار آج ساہیوال کا دورہ کریں گے اور سرکٹ ہائوس میں ضلع ساہیوال، ضلع اوکاڑہ اور ضلع پاکپتن کے مستحق عوام میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کریں گے اس کے بعد وزیر اعلیٰ ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال،اراضی ریکارڈ سنٹر اور اولڈ ایج ہوم کا دورہ بھی کر سکتے ہیں اس دورہ کے حوالے سے ڈی ایچ کیو میں سب اچھا دکھانے کے لئے انتظامات مکمل کئے جارہے ہیں ۔ وزیر اعلی ٰبذریعہ ہیلی کاپٹر ساہیوال پہنچیں گے جس کیلئے سرکٹ ہائوس اور مال منڈی گرائونڈ میں ہیلی پیڈ بنایا جا رہا ہے ۔