کراچی(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاق کیلئے ٹیکس جمع کرنے سے انکار کر دیا۔ گزشتہ روزسندھ اسمبلی میں خطاب اوریپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی ذوالفقار شاہ کی ٹڈی دل سے متعلق تحریک التوا پر پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاق نے ہمیں آئین کے تحت ٹیکس جمع کرنے کا اختیار دیا ہے لیکن ہم اب وفاق کیلئے ٹیکس جمع نہیں کرینگے ۔میں نے وزیرایکسائز سندھ کوکہہ دیاہے کہ وہ ٹیکس جمع نہ کرنے سے متعلق وفاق کوآگاہ کردیں۔جو دوسروں کو مشورہ دیتے تھے کہ گھبرانا نہیں ،اب وہ خود گھبراچکے ، ایک عشائیہ میں لوگوں کو زبردستی پکڑ دھکڑ والے انداز میں جمع کیا گیا ۔ وفاق نے ٹڈی دل کے مسئلے پر بھی صوبوں کوتنہا چھوڑدیا ہے جبکہ ٹڈی دل کا مسئلہ دوسرا بڑا مسئلہ ہے ۔ ٹڈی دل سے متعلق قومی ایکشن پلان کیا وزیراعلیٰ نے بنایا ہے ؟،فضائی سپرے وفاق کا کام ہے ۔ وزیراعظم نے مارچ میں کہاتھا کہ انسداد ٹڈی دل کیلئے چھ جہاز دینگے ۔وفاقی حکومت کورونا کی طرح اس پر بھی سنجیدہ نہیں ۔ایک وفاقی وزیر کا بیان کہ ٹڈی دل کا ایسے مقابلہ کرینگے جیسے کورونا کا کیا،یہ سن کر ٹڈی دل میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔ عوام وفاقی حکومت سے بیزار ہوچکے اور مزید برداشت نہیں کرینگے ۔ ہم سچی بات کرتے ہیں اور انہیں آئینہ دکھایا جاتا ہے تو ہمارے لئے بار بار کہا جاتاہے کہ آرٹیکل 149لگادو مگراب ہم پریشا ن ہونیوالے نہیں۔