لاہور(وقائع نگار)وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کے وزیرِ اعظم عمران خان مخالف بیانات پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی کارکردگی پر ن لیگی ترجمانوں کی تنقید آسمان پر تھوکنے کے مترادف ہے ۔ فیاض الحسن چوہان نے مریم اورنگزیب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے قائد نواز شریف اشتہاری ہونے کا تمغہ لیے لندن بیٹھے ہیں جبکہ قائدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف لندن سے شرمندہ ہو کر پاکستان اپنے ڈرائنگ روم میں خود ساختہ قید میں ہیں۔ ایسے قائدین ہوں تو دوسروں پر تنقید کرنا جچتا نہیں۔ وزیر اعظم عمران خان عید کی چھٹیوں کے دوران بھی امور مملکت بطریق احسن چلا رہے ہیں، لہٰذا ن لیگی ترجمان کسی ٹھوس دلیل کی غیر موجودگی میں آئیں بائیں شائیں کرنے سے گریز کریں۔