لاہور(کامرس رپورٹر،وقائع نگار،92نیوزرپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گزشتہ صبح محکمہ سیاحت کے ہیڈ آفس اچانک چھاپہ مارا۔ وزیراعلیٰ بغیر پروٹوکول ساڑھے 10بجے محکمہ سیاحت کے آفس پہنچے ۔افسروں اور عملے کی حاضری چیک کی۔ وزیراعلیٰ نے سیکرٹری سیاحت اور دیگر افسروں و عملے کی دفتر سے غیر حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کیااورسیکرٹری سیاحت کو فوری طور پر او ایس ڈی بنانے کا حکم دیا جبکہ غیر حاضر دیگر افسروں اور عملے کو معطل کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ مقررہ وقت پر دفتر حاضر نہ ہونے والے افسروں اور عملے کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔تاخیر سے دفتر آنا سرکاری فرائض میں غفلت ہے ۔ہر محکمے کا اچانک دورہ کروں گا۔ محکموں کی کارکردگی اور افسروں کی حاضری کو تسلسل کے ساتھ مانیٹر کیا جائے گا۔ دریں اثنا انہوں نے فیصل آباد کے علاقے ملت ٹاؤن میں خواتین پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ۔بعدازاں انہوں نے لاہور کے علاقے تھانہ سندر کی حدود میں طالبہ سے ز یادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی،پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم حیدر علی کو گرفتارکر لیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے حاصل پور کے نجی کالج میں تقریب کے دوران غیر اخلاقی سرگرمیوں کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر بہاولپور ڈویژن اور سیکرٹری تعلیم سے رپورٹ طلب کر لی اور تعلیمی ادارے میں غیر اخلاقی سرگرمیوں کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔ وزیر اعلی عثمان بزدار کے نوٹس پر ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے نجی تعلیمی ادارے کو سیل کر دیا ۔دریں اثنا انہوں نے سرگودھا میں خاتون کو آگ لگانے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او سرگو دھا سے رپورٹ طلب کر لی اور گرفتار ملزم کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کا حکم دیا ۔