لاہور،اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی جس میں صوبے کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پنجاب سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں پر بھی مشاورت کی گئی، ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے متعدد امور پر وزیراعظم سے منظوری لی۔لاہور سے خصوصی نمائندہ کے مطابق عثمان بزدار نے کہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو تحفظ دیں گے ۔انہوں نے کہا ماضی میں چند شہروں کو وسائل ملے ،ہسپتال اپ گریڈ کر رہے ہیں،لوٹ مار کا دور ختم ہوگیا، نئے پاکستان میں ظالمانہ نظام کی کوئی گنجائش نہیں،وزیراعلیٰ سے چین کے میشنگ انٹرنیشنل گروپ انویسٹمنٹ ہولڈنگ لمیٹڈ کے وفد نے ملاقات کی جس کی قیادت چیئرمین پروفیسر گوو رو نگ زونگ کر رہے تھے ،چینی گروپ نے پنجاب کے ہاؤسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کم لاگت کے 2 لاکھ گھر تعمیرکرنے کی پیشکش کی،وزیراعلیٰ نے کہا چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کریں گے ،انہوں نے متعلقہ محکموں کے حکام کو ہدایت کی کہ چینی سرمایہ کاروں کی تجویز کا جائزہ لے کر حتمی سفارشات اور پلان تیار کیا جائے ،انہوں نے کہا کہ ہائی رائز عمارتوں کی تعمیر کی اجازت سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔دریں اثنا عثمان بزدارسے مختلف شہروں سے آئے لوگوں نے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی، وزیراعلیٰ نے لوگوں کے مسائل سنے اوران کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے ،وزیراعلیٰ فرداً فرداً شہریوں کے پاس گئے اوران سے مصافحہ کیا، انہوں نے کہا کہ سابق ادوار کی غلط پالیسیوں کے باعث عوام کے مسائل بڑھے اور مخصوص طبقہ امیر ہوتا گیا اور عام آدمی غریب ہوتا گیا ہم باتیں نہیں کام کر کے دکھاتے ہیں، لوٹ مار کا دور گزر چکا ہے ،قومی وسائل عوام کی امانت ہیں،کسی کو تبدیلی کے ایجنڈے کی راہ میں حائل نہیں ہونے دیں گے ،کئی دہائیوں بعدصوبے میں 9 نئے ہسپتال بنائے جا رہے ہیں، جبکہ 100 تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں ایمرجنسیز کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کبیر والا میں دو بہنوں سے زیادتی کے حوالے سے میڈیا میں خبر کانوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او خانیوال سے رپورٹ طلب کر لی۔انہوں نے بزرگ سیاستدان میر حضور بخش ڈومکی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا بھی اظہار کیا۔