اسلام آباد؍ کراچی(وقائع نگار خصوصی؍ سٹاف رپورٹر؍ این این آئی)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم بیرون ملک میں بھی کنٹینر سے نہیں اترے ۔ بلاول نے وزیراعظم عمران کے واشنگٹن میں خطاب پر رد عمل میں کہا کہ اگر حکومت اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی اور اپوزیشن بھی اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی تو ملک کون چلائے گا؟ بلاول بھٹو زرداری نے مریم نواز کی ریلی اور جلسے کی کوریج پر سنسرشپ کی مذمت کرتے ہوئے کہا مریم نواز کی ریلی اور جلسے کی میڈیا کوریج روکنا بدترین آمریت ہے ، اپوزیشن سلیکٹڈوزیراعظم کی ہر پابندی اور انتقام کر مقابلہ کرے گی۔نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے ایک بیان میں وزیر اعظم عمران خان کی تقریر پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی واشنگٹن ڈی سی اور ڈی چوک تقریر میں کوئی فرق نہیں۔انہوں نے کہا عمران خان کو بیرون ملک جا کر اپنی نا اہلی کا اعلان نہیں کرنا چاہئے ، پاکستان کی جگ ہنسائی کرارہے ہیں۔انہوں نے کہا آصف زرداری 12 سال جیل کی سختیاں کاٹ چکے ،عمران خان اپنی فکر کریں۔ پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے کہا ہے کہ امریکہ میں نفرت انگیز، اشتعال اور انتشار والا خطاب جگ ہنسائی کا باعث ہے ۔انہوں نے کہاآئی ایم ایف جانے پر خودکشی کرنے والے عمران خان امریکہ میں مزید قرض کی بھیک مانگیں گے ۔ پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ عمران خان نے واشنگٹن میں خالی کرسیوں سے خطاب کرکے منفرد ریکارڈ قائم کردیا۔ایک بیان میں انہوں نے کہا بے نظیر بھٹو امریکہ گئی تھیں تو پورا امریکی ایوان نمائندگان کھڑا ہوگیا تھا،عمران خان امریکہ گئے تو انہیں ائیرپورٹ پر شاہ محمود قریشی ہی ریسیو کرنے آئے ۔انہوں نے کہا بلاول بھٹو گرفتاری کے لئے تیار ہیں اور ضمانت بھی نہیں کرائیں گے ، این آر او تو دور کی بات ہے ۔ اسلام آباد(آن لائن)مسلم لیگ(ن) کے صدر،قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکہ پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرا عظم کے دورہ امریکہ پر تبصرہ کرنا صرف اور صرف وقت کا ضیاع ہے ۔ مسلم لیگ (ن ) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب امریکہ میں پاکستانیوں کو یہ بھی بتاتے کہ آج ملک میں روٹی، کاروبار،صنعت ، روزگار اور آواز سب بند ہے ۔انہوں نے کہا عمران صاحب یہ بھی بتاتے کہ آپ نے 18 جعلی اکاؤنٹس کا جواب نہیں دیا ، عمران صاحب امریکہ میں پاکستانیوں کو یہ بھی بتاتے کہ ملک کو آئی ایم کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔