اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ) وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرزکادورہ کیا،آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ،وفاقی وزرا اور مشیروزیراعظم کیساتھ تھے ،وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمیدنے وزیراعظم کااستقبال کیا۔وزیراعظم کوداخلی اورخارجی محاذوں پردرپیش چینلنجز،کورونااثرات پربریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے کہاملکی سالمیت ،خودمختاری کے تحفظ کیلئے کوئی کسرنہیں چھوڑی جائیگی،وزیراعظم نے اعلیٰ ریاستی ایجنسی کی خدمات اور قربانیوں کوسراہا۔وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی ۔ملاقات میں صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کی صورتحال، روک تھام کے حوالے سے اقدامات، صنعتی عمل کی روانی خصوصاً حکومت کی جانب سے کھولی جانے والی صنعتوں میں حفاظتی تدابیر کو یقینی بنانے کے حوالے سے اقدامات، ذخیرہ اندوزی کے تدارک اور ماہ رمضان کے حوالے سے مختلف اقدامات پر بات چیت کی گئی ۔ وزیر اعظم سے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض احمد اور فیض اللہ کموکانے بھی ملاقات کی اور اپنے حلقوں میں کورونا کے حوالے سے جاری امدادی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا۔