اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان جلد سعودی عرب کا دورہ کرینگے ۔گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کی حتمی تاریخ کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔ وزیراعظم کا سعودی عرب کا پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا جس کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے ۔ وزیراعظم دورہ سعودی عرب میں سعودی فرمانروا ، ولی عہد اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کرینگے ۔ علاوہ ازیں وہ عمرہ ادا کرنے کے علاوہ روضہ رسول ؐ پر حاضری بھی دینگے ۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری سے غریب وال سینٹ ایمپلائیز یونین کے صدر کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی اور وزیراعظم- چیف جسٹس ڈیمزفنڈ کیلئے پنڈ دادن خان کے مزدوروں کی جانب سے ایک لاکھ روپے عطیہ کا چیک پیش کیا ۔ اس موقع پر فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان کے مزدوروں کا جذبہ لائق تحسین ہے جنہوں نے اپنا پیٹ کاٹ کر قوم کا مستقبل سنوارنے میں اپنا حصہ ڈالا۔ ڈیمز کی تعمیر ملک میں ایک تحریک کی صورت اختیار کر چکی ہے ۔ قوم کے اسی جذبہ کے تحت ہر ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے ۔ پاکستانی قوم کے جذبہ کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے تعمیر وطن کے ہر مرحلے پر فراخ دلی کا مظاہرہ کیا۔وفد میں صدر ایمپلائیز یونین غریب وال حاجی عبدالغفور ، جنرل سیکرٹری حاجی طارق جاوید، نائب صدر ثنائاﷲ، اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل عمر فاروق شامل تھے ۔