لاہور،اسلام آباد( این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے معاشی خطرات پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے وزیراعظم ہائوس چوروں کی پناہ گاہ اور ملک کو عوام کی معاشی قتل گاہ میں بدل دیا گیا ہے ،پاکستان کو دانستہ معاشی دیوالیہ پن کی طرف دھکیلا جارہا ہے ،حکومت معیشت کی گاڑی کو اندھے ڈرائیور کی طرح ریورس میں چلارہی ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہامعیشت کی تباہی سے ملکی سالمیت اندر سے کھوکھلی ہورہی ہے ۔ صحتمند ہوتی اور دوڑتی معیشت کو کرپٹ ٹولے نے تباہ کر دیا ،سود کی شرح بڑھا کر کاروبار، روزگاراور بجلی گیس کی قیمتیں بڑھا کر عوام کا معاشی قتل عام کیاگیا،11000 ارب قرض ملک کو معاشی بیڑیوں میں جکڑنے کیلئے لیاگیا جس کا قوم کو فائدے کے بجائے نقصان ہوا، عوام ،تاجر اور سیاستدان معیشت بچانے کے لئے متحد اور تیار ہوجائیں۔ ایک بیان میں مسلم لیگ(ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے حکومتی پیکج کو عوام کا معاشی قتل قرار دیتے ہوئے کہا مسئلہ اب چور عمران مافیا کی حکومت کا نہیں بلکہ پاکستان ، ملکی معیشت، سکیورٹی ، سلامتی اور سالمیت کا ہے ، 15ارب کا پیکج جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کے لئے ’’ ریلیف پیکج ‘‘اور عوام کے لئے ’’ تکلیف پیکج ‘‘ ہے ۔جعلی اور جھوٹے ریلیف پیکج سے آٹا ، چینی ، گھی،بجلی اور گیس مزید مہنگی ہو گی اور مہنگائی مزید بڑھے گی ۔