ملتان(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم عمران خان کل روالپنڈی سے ملتان کے درمیان 7سال بعدبحال ہونے والی تھل ایکسپریس کاافتتاح کریں گے ، ڈویژنل ریلوے انتظامیہ پروجیکٹرپرراولپنڈی میں وزیراعظم کی طرف سے ٹرین کے افتتاح کی تقریب براہ راست دکھائے گی جس کے لئے ملتان سٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر3پر پروجیکٹر لگایاجائے گا۔ اسی روزملتان سے بھی صبح سات بجے تھل ایکسپریس روالپنڈی کے لئے روانہ ہوگی،ڈویژنل انتظامیہ نے تھل ایکسپریس کوکامیاب ٹرین بنانے کے لئے بھرپورتشہیری مہم شروع کردی ، ملتان ،مظفرگڑھ،کوٹ ادو،لیہ،بھکرمیں ٹرین کی بحالی کے حوالے سے تمام اہم چوراہوں اور علاقوں میں بینرزآویزاں کردیئے گئے ہیں۔مزیدبراں موٹررکشہ پربھی ڈھول کی تھاپ پران شہروں میں تھل ایکسپریس کی بحالی کے حوالے سے شہریوں کومتوجہ کیاجارہاہے ۔علاوہ ازیں راولپنڈی میں تھل ایکسپریس کے افتتاح کے بعدوفاقی وزیرریلوے شیخ رشیداحمد ٹرین کے ساتھ ملتان کینٹ تک آئیں گے ۔وفاقی وزیرکی آمدکے پیش نظرڈی ایس ریلوے ڈویژنل افسران کے ہمراہ کندیاں جائیں گے اوروہاں وفاقی وزیرکااستقبال کریں گے اس کے بعدان کے ہمراہ ملتان پہنچیں گے ۔