نیویارک( ندیم منظور سلہری سے ) وزیراعظم عمران خان کی تقریر نے دنیا بھر میں دھوم مچا دی ،امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی نے اس تقریر پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حق و باطل کی اس جنگ میں عمران خان سُرخرو ہونگے ، مرزا خاور بیگ نے کہا کہ پاکستانی عوام میر جعفر اور میر صادق کے بھیانک چہروں کو پہچان چکی ہے ۔ پروفیسر اجے کمار شرما نے کہا کہ تمام بھارتی چینلز نے اس تقریر کو لائیو اس لیے دکھایا کہ انہیں یقین تھا کہ عمران خان مستعفی ہونے کا اعلان کریں گے لیکن ان کی اُمیدوں پر پانی پھر گیا کیونکہ بھارتی عوام نے ان کی تقریر کو خوب غور سے سنا اور انکی جرات کی داد دئیے بغیر نہ رہ سکے ،انہوں نے عمران خان کو ایک نئے روپ میں دیکھا۔ ڈاکٹر امرجیت سنگھ نے کہا کہ عمران خان نے جس جرات کے ساتھ امریکہ کو للکارا ہے اس کا خمیازہ انہیں بھگتنا پڑ سکتا ہے ، پاکستانی خوش قسمت ہیں کہ انہیں ایک نڈر، بیباک اور دیانتدار لیڈر ملا۔ امریکی ذرائع ابلاغ اس تقریر کو غیر معمولی قرار دے رہے ہیں جبکہ تھنک ٹینک اداروں سے منسلک مختلف سکالرز کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے امریکہ پر جو الزامات عائد کیے ہیں اس سے پاکستانی عوام میں امریکہ کے تئیں نفرت میں اضافہ ہوا ہے ،اُس خطے میں امریکی مفادات کو نقصانات ہو سکتے ہیں۔ بھارتی نشریاتی اداروں کی لائیو کوریج میں مبصرین نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ کو شاید اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ عمران خان عوامی جم غفیر کے اجتماع اور قوم سے اپنے خطاب میں کھل کر امریکہ کو موردِ الزام ٹھیرائیں گے ۔