اسلام آباد (سپیشل رپورٹر، وقائع نگار، اے پی پی، این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اللہ تعالی کے حضور شکر گزار ہیں کہ وزیراعظم عمران خان فتح مند ہوئے ،’’نوٹ کو عزت دو‘‘ کا منہ ایک مرتبہ پھر کالا اور اپوزیشن کے ارادے ایک بار پھر زمین بوس ہوئے ۔ ہفتہ کو اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ عمران خان نے پھر ثابت کیا وہ ایک سچے ، کھرے اور بہادر قائدہیں ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کا نئے الیکشن کا مطالبہ بے معنی ، غیر آئینی ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکوئی آئینی مجبوری یا قدغن نہیں تھی لیکن وزیر اعظم نے اعلیٰ اخلاقی جرآت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود کو پیش کیا ۔د ل سے کہنا چاہتا ہوں عمران خان کو پاکستان کو بحران سے نکالنے کے لیے سب سے زیادہ محنت کرتے دیکھا ۔ہفتہ کو قومی اسمبلی میں اعتماد کی قرارداد کی منظوری کے بعدشیخ رشید احمد نے کہا اڑھائی سال گزر گئے ہیں‘ اللہ نے وزیراعظم کو نئی سیاسی زندگی عطا کی ہے ،وزیراعظم نے غریب کے لئے بے حد کام کیا۔اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ یقین ہے عمران خان کبھی بھی عوام کے اعتماد کے ساتھ خیانت نہیں کرے گا، میرا اعتماد کا ووٹ میرے کپتان وزیراعظم عمران خان کو جاتا ہے ۔چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ آج حق اور سچ کی جیت کا دن ہے ۔وزیر مملکت زرتاج گل نے کہاہے کہ عمران خان کو ووٹ ڈالنے کے لئے ارکان انتظار بھی نہیں کر رہے تھے ۔ سینیٹر فیصل جاوید نے اپوزیشن کو چیلنج کیا کہ آؤ آکر عمران خان کو ہراؤ، پارلیمنٹ میں اپنے نمبر پورے کرو، آج میدان کھلا ہے تو کپتان تو کھڑا ہے لیکن وہ (اپوزیشن) لوگ بھاگ گئے ہیں، چوہے بلوں میں گھس گئے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر وزیر شبلی فراز نے پارلیمنٹ ہائوس کے باہر تحریک انصاف کے کارکنوں کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا عوام آنے والے دنوں میں اچھی خبریں سنتے رہیں گے ،این آر او حاصل کرنے کیلئے وزیراعظم پر دبائو ڈالنے والے کبھی بھی کامیاب نہیں ہونگے ۔