لاہور(وقائع نگار)صوبائی وزیراطلاعات وثقافت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ سے پاکستان کا مثبت تاثر سامنے آیا ہے ۔عمران خان نے جو کہا کر دکھایا،مخالفین کے بھی منہ بند ہو گئے ۔چارٹر طیارے کی جگہ کمرشل فلائٹ پر سفر کرکے وزیراعظم نے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔تارکین وطن کی جانب سے ان کا استقبال تاریخی اقدام ہے ۔واشنگٹن میں بھی پاکستانیوں نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب پاکستانی وزیراعظم پرچیاں لے کر وائٹ ہائوس نہیں جائے گا۔وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی وخوشحالی اور معیشت کے استحکام کا سفر تیز رفتاری سے طے کررہا ہے جس سے مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور ان کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں۔علاوہ ازیں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت میاں اسلم اقبال کی زیرصدارت ڈی جی پی آر میں صوبائی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت راجہ جہانگیر انور کی محکمہ اطلاعات و ثقافت کے تنظیمی ڈھانچے اور آئندہ کے پروگراموں کے بارے میں بریفنگ دی۔ بریفنگ میں گفتگو کرتے ہوئے میاں اسلم اقبال نے کہا کہ محکمہ اطلاعات و ثقافت میں اصلاحات کے ذریعے اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔