مکہ مکرمہ (نیوز ایجنسیاں)وزیراعظم شہبازشریف نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات بہت اچھی رہی،ہم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو نئی اور بلند ترین سطح تک لے جانے کا عزم کا اعادہ کیا۔علاوہ ازیں شہباز شریف سے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہٰ نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں خطے میں امن و امان کی صورتحال اور اسلامی ممالک کے مابین تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے تنازع جموں و کشمیر پر او آئی سی کی دو ٹوک اور مسلسل حمایت پر سیکرٹری جنرل او آئی سی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تنظیم پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے پرامن اور پائیدار حل کیلئے سفارتی کوششوں کی قیادت کرے ۔ وزیراعظم نے اوآئی سی سے کہا کہ مسجد اقصیٰ اور دیگر مقبوضہ فلسیطنی علاقوں میں جاری اسرائیلی جارحیت رکوانے کے لئے مربوط کوششیں شروع کی جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اسرائیل کو مقدس ومبارک مسجد اقصی کو مختلف عقائد رکھنے والے لوگوں کے درمیان عارضی یا مقامی طور پر تقسیم کرنے کی اجازت نہ دی جائے ۔ وزیراعظم نے افغانستان کے عوام کے لئے فوری انسانی مدد کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی سطح پر اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے مسئلے سے نمٹنے کے لئے او آئی سی کو اپنی کوششیں تیز کرنی چاہئیں۔سیکرٹری جنرل نے امت مسلمہ کو درپیش کلیدی مسائل بالخصوص فلسطین، افغانستان اور اسلاموفوبیا پر پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔دریں اثناء وزیر اعظم شہباز شریف نے عمرہ کی سعادت حاصل کرلی ۔ شہباز شریف کے لئے خصوصی طور پر خانہ کعبہ کا دروازہ کھولا گیا اور انہوں نے پروٹوکول کی نگرانی میں خانہ کعبہ کے اندرنوافل اداکئے ۔وزیراعظم نے زیارتِ خاص کے بعد حجرِ اسود کو بوسہ دیا اور طوافِ کعبہ بھی کیا۔وزیرِ اعظم نے سعیِ صفہ و مروہ کی ادائیگی کے ساتھ ہی عمرہ کی تکمیل کے بعد ملک و قوم اور مسلم اْمہ کی سلامتی اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعائیں کیں۔اس دوران زائرین کی بڑی تعداد نے معمول کے مطابق اپنا طواف جاری رکھا۔علاوہ ازیں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی عمرہ ادا کیا اور ان کیلئے بھی خصوصی طور پر خانہ کعبہ کا دروازہ کھولا گیا۔بعدازاں وزیراعظم 3 روزہ دورہ سعودی عرب مکمل کرکے ایک روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی پہنچ گئے اور ولی عہد الشیخ محمد بن زید النہیا ن سے ملاقات عی۔ابوظہبی کے ولی عہد نے عہدہ سنبھالنے پرشہبازشریف کومبارکباددی۔دونوں رہنمائوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔شہبازشریف نے یواے ای کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈرسے بھی ملاقات کی۔