اسلام آباد (سپیشل رپورٹر؍ مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان کا ترک صدر طیب اردوان، جرمن چانسلر انجیلا مرکل، برطانوی وزیراعظم بورس جانسن، ڈینش وزیراعظم میٹ فریڈرکسن سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے ۔ رہنمائوں نے افغانستان کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے ٹیلی فون کر کے افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم نے زور دیا کہ تمام افغانوں کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ حفاظت بھی بہت اہم ہے ۔وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ ایک جامع سیاسی تصفیہ ہی آگے بڑھنے کا بہترین راستہ ہے ، پاکستان تمام افغان رہنماؤں سے رابطہ کر رہا ہے ، بین الاقوامی برادری کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ، خاص طور پر افغانستان کے لوگوں کی معاشی مدد کرنا بیحد ضروری ہے ۔دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے بھی وزیراعظم عمران خان کو فون کرکے افغان صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔عمران خان نے پاکستان کے لئے پرامن اور مستحکم افغانستان کی بنیادی اہمیت پر زور دیا۔وزیراعظم نے ڈنمارک کے وزیراعظم کے ساتھ گفتگو میں پاکستان کا نقطہ نظر واضح کیا اور تمام افغان عوام کے تحفظ، سلامتی اور حفاظت کو یقینی بنانے اور جامع سیاسی حل کی اہمیت پرزور دیا۔ ڈنمارک کے وزیراعظم نے افغانستان سے انخلا کیلئے پاکستان کی حمایت اور امداد پر شکریہ ادا کیا۔وزیر اعظم نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور افغان صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔