اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ میں آئندہ کسی نجی تقریب میں پروٹوکول اور سکیورٹی کے ساتھ نہیں جاؤں گا۔ اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا ہمارا مقصد ہے کہ عوام کے ٹیکس کا پیسہ بچائیں اورعوام کسی تکلیف میں مبتلا نہ ہوں، پی ٹی آئی کے وزرائے اعلیٰ، گورنرز اور وزرا کی سکیورٹی اور پروٹوکول پر بھی نظر ثانی کر رہا ہوں۔انہوں نے کہا اگلے کابینہ اجلاس میں اس حوالے سے جامع پالیسی پر فیصلہ کریں گے ،ہم عوام کو مرعوب کرنے والے نو آبادیاتی کلچر کا خاتمہ کریں گے ۔وزیر اعظم سے وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور اور آزادکشمیرکے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان آزادکشمیر میں انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسوں سے خطاب کریں گے ۔پروگرام کے مطابق وزیر اعظم 12جولائی کومیرپور، 18 جولائی کو باغ اور 23جولائی کو مظفرآباد میں جلسے سے خطاب کریں گے ۔ وزیراعظم سے چیئرمین نادرا طارق ملک اور اٹارنی جنرل خالد جاوید خان بھی ملے ۔ اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍ این این آئی) وفاقی کابینہ نے کورونا ویکسین کی 3 ڈوز کی قیمت 12ہزار 168 روپے مقررکرنے ،بجٹ تیاری کے دوران ٹیرف کے ضمن میں سامنے آنے والی بے قاعدگیوں کو دور کرنے کے لئے مختلف اشیا پر لاگو ریگولیٹری ڈیوٹی اور ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی کے حوالیسے نیشنل ٹیرف پالیسی بورڈکے فیصلوں کی منظوری دیدی،مقامی طور پرتیار شدہ گاڑیوں (ہزار سی سی اور کم) پر ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی ختم کرنے جبکہ ہزار سی سی سے اوپر والی گاڑیوں پر اے سی ڈی 7 سے کم کرکے دو فیصد کرنے کی منظوری دی گئی۔ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں 3 جی اور 4 جی سروسز پہنچانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پروٹوکول میں کمی لائی جائے اور فلیگ ایکٹ پر عملدرآمد کا حکم دیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 25 سے زائد نکات پر مشتمل ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وفاقی وزرائ، وزراء مملکت و دیگر شخصیات کے پروٹوکول اور سکیورٹی کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ اس حوالے سے نظام کا ازسر نو جائزہ لیا جائے ۔ وزیرِ اعظم نے کہا سکیورٹی اور پروٹوکول کی وجہ سے عوام کو پہنچنے والی دقت کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی نجی و سماجی مصروفیات تقریبا ترک کی ہوئی ہیں ۔اس کے ساتھ ساتھ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ گاڑی پر جھنڈا لہرانے کے نظام کا بھی از سر نو جائزہ لیا جائے ۔ کابینہ نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی آرڈیننس 2021اور پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی آرڈیننس 2021کی منظوری دی۔سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان ( ایس ای سی پی) کے حوالے سے آر ایس ایم اویس حیدر لیاقت نعمان کو چارٹرڈ اکائونٹنٹس مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے وزیر برائے مذہبی امور کو ہدایت کی کہ صوبہ خیبرپختونخوا کی طرز پر آئمہ کرام کے لئے مشاہرے اور انکی تربیت کے انتظام کے نظام کے حوالے سے تجاویز پیش کی جائیں ۔کابینہ نے سحر زرین بندیال کو پیمرا کونسل آف کمپلینٹس لاہور میں تعینات کرنے کی منظوری دی۔کابینہ نے فیڈرل گورنمنٹ پراپرٹیز مینجمنٹ اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے قانون کی اصولی منظوری دی۔ پاکستان اور ازبکستان کے مابین ٹرانزٹ ٹریڈایگریمنٹ پر دستخط کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چو دھری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کانیٹ ورک توڑنے میں کامیابی ملی ہے جس کی تفصیل جلد منظر عام پر لائیں گے ، ناراض بلوچ عسکریت پسندوں سے بات چیت شروع کردی ، ایسے ناراض بلوچ جو بھارت سے رابطے میں نہیں تھے ، ان سے بات کی جائے گی۔فواد چودھری نے کہا امتحانات میں شفافیت لانے کے لئے کمیٹی بنائی گئی۔انہوں نے کہا وفاقی وزراء اور وزرا مملکت کے پروٹوکول کا جائزہ لیا گیا، وزیراعظم کو شکایت ملی ہے کہ وزراء زائد پروٹوکول استعمال کررہے ہیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ پروٹوکول میں کمی لائی جائے ۔انہوں نے کہا جب تک سیاسی جماعتیں مضبوط نہیں تو الیکٹیبلز کا کردار رہے گا۔این این آئی کے مطابق فواد چودھری نے کہا وزرا، گورنرز بھی پروٹوکول میں کمی لائیں ورنہ کارروائی ہوگی۔ علاوہ ازیں فواد چودھری نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ سیاسی بنیادوں پر ناراض بلوچ قوم پرستوں کے ساتھ بات چیت کا ایجنڈا طے کیا جائے گا، بھارت سے مل کر دہشتگردی کرنیوالوں سے مذاکرات نہیں ہونگے ۔