اسلام آباد( وقائع نگار، سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، 92 نیوز رپورٹ)حکومت نے شہریوں کو سہولت دینے کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی۔وزیراعظم نے عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف کی منظوری دیدی۔وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق پٹرول اورہائی سپیڈڈیزل 5روپے فی لٹرسستاکرنے کی منظوری دیدی گئی،مٹی کاتیل اورلائٹ ڈیزل کی قیمت میں 7روپے فی لٹرکمی کی بھی منظوری دیدی گئی۔وزارت خزانہ کے مطابق پٹرول کی قیمت کم ہوکر111.60روپے پرآگئی،ہائی سپیڈڈیزل کی قیمت 5روپے کمی سے 122.26روپے ہوگئی،مٹی کے تیل کی قیمت7روپے کمی سے 92.45روپے اورلائٹ ڈیزل کی قیمت7روپے کمی سے 77.51روپے پرآگئی۔نئی قیمتوں کااطلاق رات 12بجے سے ہوگیا۔92نیوزکے مطابق وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات پروزارت خزانہ کی سفارشات تسلیم کرلیں۔اس سے قبل آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی( اوگرا) نے حکومت کو سفارش کی تھی کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ثابت کیا کہ وہ عوام کو ریلیف دینے پر یقین رکھتے ہیں۔مالی مشکلات کے باوجود تیل کی قیمتوں میں کمی کرنا عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کے حکومتی عزم کا عملی اظہار ہے ۔ ٹویٹر پر جاری بیان میں معاون خصوصی اطلاعات نے کہا تیل کی قیمتوں میں کمی دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کا باعث بنے گی، مہنگائی میں کمی لانا وزیراعظم کی ترجیح نمبر1 ہے ۔ عمران خان کا عوام کے ساتھ درد اور احساس کا رشتہ ہے ۔انشائاللہ جیسے جیسے ملک کے اندر معاشی صورتحال بہتر ہوتی جائے گی ، اس کے ثمرات عوام کو میسر آئیں گے ۔ یہی عوامی حکومت ہے ، عمران خان عوام کے اعتماد پر پورا اتر رہے ہیں اور آئندہ بھی پورا اتریں گے ۔