اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍ مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے نائب سربراہ اور ریاست ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان سے رابطہ کیا اور حوثی باغیوں کے حملے کی مذمت کی اور امارات کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔علاوہ ازیں وزیر اعظم کے زیرصدارت ملک میں ہوابازی کے شعبے سے متعلق امور کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیر ہوا بازی غلام سرور خان، وزیر خزانہ شوکت ترین اور متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی۔وزیراعظم نے ہوابازی کے شعبے میں خدمات کے بہترین معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا مسافروں کو بہتر سے بہتر خدمات پہنچانے کے لئے ملک میں ایک موثر مسابقتی عمل کا اجراء وقت کی اہم ضرورت ہے ۔وزیراعظم نے پی آئی اے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔وزیراعظم نے ایک ٹویٹ میں پریانتھاکمارا کی بیوہ کے اکائونٹ میں 1 لاکھ ڈالرز منتقل کرنے پر سیالکوٹ کی تاجر برادری کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا پریانتھاکمارا کی بیوہ کو ماہانہ تنخواہ کی مد میں 2 ہزار ڈالرز بھجوانے اور 10 برس تک یہ سلسلہ جاری رکھنے کے فیصلے پر راجکو انڈسٹریز بھی تحسین کی مستحق ہے ۔