اسلام آباد، پشاور(وقائع نگار، سپیشل رپورٹر، نیوز ایجنسیاں)وزیر اعظم عمران خان نے شہریوں کے مسائل و شکایات کے فوری حل کیلئے وزیراعظم آفس میں فعال پاکستان سٹیزن پورٹل کی شاندار کامیابی کا خیرمقدم کیا ہے ۔وزیر اعظم نے بدھ کو اپنے ٹویٹ میں کہاکہ مسائل کے حل کیلئے عوام سے براہ راست رابطے کے بندوبست نے وزیراعظم آفس میں قائم میرے شکایات سیل کی زبردست کامیابی کی راہ ہموار کی ہے ۔ پاکستان سٹیزن پورٹل کو دنیا کی دوسری بہترین سرکاری ایپ قرار دیئے جانے پر انہوں نے کہا یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پاکستان کی سرکاری موبائل ایپلی کیشن کو ایسی کامیابی ملی ہے ۔اس ایپلی کیشن کی گوگل پلے سٹور پر 4.5 اور ایپل سٹور پر 3.5 ریٹنگ ہے اور گوگل سرچ کیٹیگری میں اس کا ساتواں نمبر ہے ۔اس ایپ کو ریکارڈ 45 دن کے وقت میں بنایا گیا اور28اکتوبر کو لانچ کیا گیا تھا ۔ اس پورٹل کے ذریعے عوام کی جانب سے 55 فیصد کی اطمینان بخش ردعمل کیساتھ ابتک 4 لاکھ 20 ہزار میں سے 2لاکھ 50 ہزار شکایات حل کی گئیں۔وزیراعظم نے اس پورٹل کو بنانے والی ٹیم کی بھی تعریف کی۔واضح رہے ورلڈ گورنمنٹ سمٹ دبئی میں حالیہ موبائل ایپلی کیشنز کے مقابلے میں پاکستان سٹیزن پورٹل کو دنیا میں دوسری بہترین سرکاری موبائل ایپ کا درجہ دیا گیا ہے ۔ مقابلہ میں 87 ممالک سے مختلف کیٹیگریز کی 4646 ایپلی کشینز پیش کی گئی تھیں ۔فائنل مقابلے کیلئے 21 ایپلی کیشنز کو 7 مختلف کٹیگریز میں منتخب کیاگیا ۔ہر کیٹیگری میں تین تین ایپلی کیشنز کے مابین مقابلہ کیا گیا۔ پاکستان سٹیزن پورٹل کا مقابلہ انڈونیشیا کی ایپلی کیشن کلو سمارٹ سٹی اور امریکہ کی این وائی سی 311ایپلی کیشن سے تھا جس میں پاکستان سٹیزن پورٹل نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ پہلی پوزیشن انڈونیشیا اور تیسری پوزیشن امریکہ کے نام رہی۔پاکستان سٹیزن پورٹل ایپلی کیشن کو لانچ ہوئے ابھی 100 دن ہی گزرے ہیں اور اسے ابتدا ہی میں عالمی اعزاز حاصل ہوا ہے ۔ اس پورٹل کو بنانے والے خیبرپختونخوا کے ادارے پرفارمنس منیجمنٹ اینڈ ریفارم یونٹ کے ڈپٹی کوارڈی نیٹر عاکف خان نے 92نیوز کو بتایا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان سے کسی ا یپلی کیشن کو عالمی مقابلوں کیلئے منتخب کیا گیا۔ ایپلی کیشن کو پبلک ایمپاورمنٹ کیٹیگری میں سلیکٹ کیا گیاجس میں حکومت اور عوام کے درمیان رابطے کو بہتر طریقے سے جانچا گیا۔