لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیربرائے پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی نے کہا ہے کہ کراچی میں سارا کچرا نالوں میں پھینکا جاتا ہے ،ہم نے اسلئے پہلے نالوں کو صاف کیا کیونکہ بارش کا پانی نالوں سے لوگوں کے گھروں میں جاتاہے ۔ ہم سے غلطی یہ ہوئی کہ نالوں سے نکالا گیا کچرا اٹھایانہیں گیا۔پروگرام ہوکیارہاہے میں میزبان فیصل عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا میرے خط کا سندھ حکومتنے ابھی تک جواب نہیں دیا ۔ نالوں کے قریب تجاوزات ہیں جن کی وجہ سے بھی کراچی کے نالوں میں کچرا جاتاہے ۔میں ہاتھ جوڑ کر بھیک مانگ رہاہوں میں یہاں کوئی سیاست کرنے نہیں آیا ۔سندھ حکومت میری اپیل کو سنے اور آئے ہمارے ساتھ ملکر کراچی کو صاف کرے ۔ اگر کراچی میں کوئی بیماری پھیل گئی تو بہت مشکل ہوجائے گی۔ وزیراعظم سے بھی اپیل کروں گا کہ وہ کراچی کیلئے ایمرجنسی کا اعلان کریں۔کراچی میں ایف ڈبلیو او کام کررہی ہے ۔ ہم نے کراچی کو صاف کرنے کیلئے لوگوں سے مدد کی اپیل کی ہے ۔ جو ڈیم کیلئے پیسے اکٹھے ہوئے تھے وہ میری وزارت میں نہیں آتے ،ان کو کیسے کراچی میں لگادوں۔ ہم کراچی کو صاف کرنے کیلئے پیسے اکٹھے کررہے ہیں کسی گورنرراج کی بات نہیں کررہاہوں۔ سندھ حکومت کو اپنا قبلہ درست کرنا چاہئے ۔تجزیہ کار عارف نظامی نے کہا ہے کہ کراچی میں کچرے کے علاوہ کئی قسم کا کچرا ہے ، ایم کیوایم ، پیپلزپارٹی کا بھی کچرا ہے ، اتنے ملائوں میں کراچی کی مرغی حرام ہوئی ہے ۔ سنا ہے علی زیدی نے جب نالوں کی صفائی کرائی تو ان میں سے موٹرسائیکل اور اسلحہ تک نکلا ۔ افسوس والی بات ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت کو ایک سال میں پتہ چلا کہ نیب کی وجہ سے معیشت نہیں چل رہی اور اب وہ نیب قوانین میں ترمیم کررہی ہے ۔ حکومت نیب کے سارے قوانین کو ری وزٹ کرے کیونکہ اس کو مشرف نے سیاسی انجینئرنگ کیلئے بنایا تھا۔ آئی ایم ایف کا پیکیج ا ور ان کے بندے لگانے پر عمران خان کیخلاف بہت بڑی سازش ہوئی ہے ۔عمران خان کو نالائق لوگوں سے جان چھڑانی چاہئے ۔ عارف نظامی نے کہا یقینا ً مودی کے سینے پر سانپ سونگھ گیا ہوگا کیونکہ وہ امریکی صدر ٹرمپ سے راضی نہیں ۔ہمارا مطالبہ آرٹیکل370 نہیں حق خودارادیت ہوناچاہئے ۔ اسی ٹرمپ نے فلسطین کے لوگوں کے فنڈز تک بند کردیئے ا ور اپنا دارالحکومت مقبوضہ بیت المقدس منتقل کردیا ،کیا یہ ٹرمپ ہمیں کشمیر دلوادے گا۔ چین نے آرمی چیف جنر ل قمر جاوید باجوہ کی بہت تعریف کی جو اچھی بات ہے ۔