اسلام آباد؍ماسکو(سپیشل رپورٹر؍شاہد گھمن ) روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلیفون کر کے افغان صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلیفون کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان افغانستان کی موجودہ صورتحال، دو طرفہ تعاون اور شنگھائی تعاون تنظیم سے متعلق بات چیت کی گئی۔ عمران خان نے علاقائی سلامتی اور خوشحالی کیلئے افغانستان میں امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے افغانستان کیلئے انسانی بنیادوں پرامدادکی فوری فراہمی اور معاشی بحران سے بچاؤ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا عالمی برادری اس اہم موڑ پرافغان عوام کو تنہا نہ چھوڑے ،افغانستان کے ساتھ رابطوں میں رہنا چاہئے ۔وزیر اعظم اور روس کے صدر نے شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت علاقائی امن و استحکام کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ علاوہ ازیں شنگھائی تعاون تنظیم (ای سی او)کے سربراہان مملکت کا 2روزہ اجلاس کل تاجکستان میں ہوگا۔ذرائع کے مطابق افغانستان، انسداد دہشتگردی اور ایران کی رکنیت تنظیمی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے ۔وزیر اعظم عمران خان 2روزہ اجلاس میں شرکت کیلئے دوشنبے جائینگے اور وسط ایشیائی ممالک کے رہنمائوں سے ملاقات بھی کرینگے ۔مزیدبرآں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب میں بلدیاتی امور سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا اسد عمر، فواد چودھری، شفقت محمود، خسرو بختیار ، غلام سرور خان، طارق بشیر چیمہ، مونس الٰہی، عبدالعلیم خان اور متعلقہ سینئر حکام نے شرکت کی۔وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔ عمران خان نے اس بات پر زور دیا کہ مضبوط بلدیاتی نظام کے بغیر جمہوریت نامکمل ہے ۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ بلدیاتی نمائندوں کے براہ راست انتخاب کو یقینی بنائیں اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات فوری طور پر کرانے کے لئے اقدامات کریں۔دریں اثنا وزیراعظم سے وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے ملاقات کی۔وزیراعظم نے وفاقی وزیر نجکاری کو ہدایت کی کہ وہ شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرتے ہوئے جناح کنونشن سنٹر سمیت اداروں کی نجکاری کے عمل کو مکمل کریں۔وزیراعظم نے ایک ٹویٹ میں اپنے برطانوی ہم منصب بورس جانسن کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے ۔