اسلام آباد(92نیوز رپورٹ)وزیر اعظم عمران خان نے بیرون ممالک نئے سفرا کی نامزدگی کی منظوری دیدی۔ ذرائع کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کو آسٹریلیا میں ہائی کمشنر نامزد کر دیا گیاجبکہ آسٹریلیا میں تعینات ہائی کمشنر بابر امین ناروے کیلئے سفیر نامزد کئے گئے ہیں۔ سفارتکار سلجوق تارڑ کو ہالینڈ، ہالینڈ میں متعین سفیر شجاعت علی راٹھور کو سپین کیلئے سفیر نامزد کیا گیا ہے ۔ وزارت خارجہ میں ڈائریکٹر جنرل یورپ عامر شوکت کو سوئٹزرلینڈ کیلئے سفیر نامزد کیا گیا ہے ۔ وزیر خارجہ دفتر کے ایڈیشنل سیکرٹری امیر خرم راٹھور کو کینیڈا کیلئے ہائی کمشنر نامزد کیا گیا ہے ۔ ادھر کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑکو وزارت خارجہ میں تعینات کر دیا گیا ہے ۔ دبئی میں متعین قونصل جنرل احمد امجد علی کوعراق کیلئے سفیر نامزد کیا گیا ہے ۔ دوسری طرف سفارتکار شاہد سیہڑ کو جبوتی میں سفیر نامزد،سفارتکار معظم علی کومیلبورن میں قونصل جنرل تعینات کردیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ان سفرا کے ایگریما متعلقہ ممالک میں منظوری کیلئے بھیجے جائیں گے ، منظوری کے بعد ان کا باقاعدہ تقرر کر دیا جائے گا۔