لاہور(وقائع نگار، 92 نیوز رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے کہاہے پی ڈی ایم کا ٹولہ کرپشن کی بہتی گنگامیں اشنان کرتا رہا،قوم کرپشن کی ہوشربا داستانیں آج تک نہیں بھولی،اڑھائی برس کے دوران کرپشن کا ایک بھی سکینڈل سامنے نہ آنا تحریک انصاف کی حکومت کا کریڈٹ ہے ،ہماری حکومت نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار شفافیت کی نئی مثال قائم کی ہے اور اب کوئی قومی وسائل میں خیانت کی جرأت نہیں کرسکتاجبکہ سابق ا دوارمیں کرپشن کے ریکارڈ قائم کئے اورمنصوبوں میں کک بیکس اورکمیشن کھائے گئے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا ماضی میں کرپشن کے مینار کھڑے کرکے اربوں کی لوٹ مار کی گئی، ہر روزکرپشن کا نیا سکینڈل سامنے آتا تھا،ہماری حکومت کے دور میں کرپٹ افراد کو نکیل ڈالی گئی ہے ،وزیراعظم عمران خان کی دیانتدارقیادت میں ملک ترقی کررہا ہے اور ملکی وغیر ملکی سرمایہ کاروں کا حکومتی پالیسیوں پر اعتماد بحال ہوا ہے ۔کوئی قانون سے بالاتر نہیں، صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا، انتقامی کارروائی کی نہ کسی کے خلاف کریں گے ، ہم انتقام پر نہیں بلکہ بلاتفریق احتساب، شفافیت اور میرٹ پر یقین رکھتے ہیں، حکومت ہر سطح پر کرپٹ مافیا کا بلاامتیاز احتساب جاری رکھے گی، سابق دور میں مافیا کو کھلی چھٹی دی گئی، میرٹ اورانصاف کے تقاضوں کے مطابق حکومتی امور سرانجام دے رہے ہیں۔عثمان بزدار نے کہا کورونا کی صورتحال کے پیش نظر پنجاب میں لاک ڈاؤن 16مئی تک جاری رہے گا، عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانا پہلی ترجیح ہے ،عید تعطیلات کے دوران شہریوں کو مزید احتیاط کرنا ہوگی، باہر نکلتے وقت ماسک کی پابندی ہر شہری کے لئے لازم ہے ، حکومتی گائیڈ لائنز پر عمل سے وباء کا پھیلاؤ روکنے میں مدد ملے گی، عید کی تعطیلات کے دوران شہری گھروں میں رہیں کیونکہ گھر میں رہنے ہی میں آپ کی حفاظت ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے معروف گلوکار عارف لوہار کی اہلیہ اور ماضی کی معروف اداکارہ طلعت صدیقی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ۔عثمان بزدار نے کابل میں سکول پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے معصوم طالبات کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔