اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب کے دو روزہ سرکاری دورہ کے پہلے مرحلے میں مدینہ منورہ پہنچ گئے ، ائیرپورٹ پر مدینہ کے گورنرشہزادہ فیصل بن سلمان اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر خان ہشام بن صدیق، سعودی حکام اور قونصلیٹ کے افسران نے انکا استقبال کیا، سعودی اور متحدہ عرب امارت کے دورہ پروزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات چودھری فواد حسین اورمشیرتجارت عبدالرزاق داؤد بھی شامل ہیں ۔وزیر اعظم عمران خان اور ان کے وفد نے روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی ،وزیر اعظم نے ریاض الجنہ میں نماز مغرب اور نوافل ادا کئے ۔ اس موقع پر وفد کے لیے روضہ رسول صلی اﷲ علیہ وسلم کے دروازے خصوصی طور پر کھولے گئے ،وزیر اعظم کو دیکھ کر زائرین نے عمران خان زندہ باد کے نعرے لگائے ۔وزیراعظم عمران خان نے مدینہ منورہ کی سرزمین پر قدم رکھنے سے پہلے ہی اپنے جوتے اتاردیئے ۔وزیراعظم عمران خان مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر طیارے سے نکلے تو انہوں نے جوتے نہیں پہن رکھے تھے ، وہ موزے پہنے ہی ایئرپورٹ کے لاؤنج تک گئے ۔ نوافل کی ادائیگی کے بعد عمران خان جدہ روانہ ہوگئے ۔ جدہ کی سڑکوں پر سعودی پرچموں کے ساتھ پاکستانی پرچم بھی لہرادیئے گئے ۔وزیراعظم عمران خان کاڈپٹی گورنر مکہ شہزادہ خالد بن فیصل السعود نے جدہ ایئر پورٹ پر استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نے رات گئے عمرہ بھی اداکیا۔