اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر؍ آن لائن)وزیر اعظم عمران خان68برس کے ہو گئے ، ان کی سالگرہ گزشتہ روز منائی گئی ۔ملک بھر میں پی ٹی آئی کے زیر اہتمام سالگرہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا اور کیک کاٹے گئے ۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے عمران خان کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کٹھن حالات اور چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ان کا خاصہ ہے ۔ انہوں نے کہا وزیراعظم نے دہائیوں سے درپیش مسائل کے حل کیلئے ٹھوس بنیاد رکھ دی ہے ۔ پی سی بی اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھی عمران خان کو کرکٹ کے لئے خدمات پر خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ عمران خان پاکستان کے لیجنڈ، اب تک کے سب سے بہترین آل راؤنڈر اور تمام فاسٹ بولرز کے لئے متاثر کن شخصیت ہیں۔آئی سی سی کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا کہ 1992 میں ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کے کپتان عمران خان کو سالگرہ مبارک۔ادھر تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان کی ایک پرانی مگر یادگار ویڈیو جاری کی گئی ۔پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کافی مہارت کے ساتھ اور خوش گوار موڈ میں پتنگ اڑا رہے ہیں۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عمران خان آنکھوں پر کالا چشمہ لگائے ہوئے اپنے دوستوں کے ساتھ لاہور کی بادشاہی مسجد کے نزدیک کسی عمارت پر پتنگ اڑا رہے ہیں۔دوسری جانب ویڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنے دوستوں سے پوچھ رہے ہیں کہ مجھے تو پتہ ہی نہیں کہ پیچا لگا ہوا بھی ہے کہ نہیں لیکن جیسے ہی وہ پتنگ کاٹتے ہیں تو ان کے چہرے پر خوشی آ جاتی ہے اور عمران خان کے دوست بھی خوشی مناتے ہیں۔