اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے اقتصادی سفارتکاری کے لئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ۔نیشنل سکیورٹی ڈویژن وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق اقتصادی سفارتکاری کے لئے 13 وزارتوں پر مشتمل اکنامک آؤٹ ریچ اپیکس کمیٹی اور کوآرڈینیشن گروپ قائم کئے گئے ہیں۔اکنامک آؤٹ ریچ اپیکس کمیٹی کی سربراہی وزیر اعظم عمران خان کریں گے ، کمیٹی میں چاروں وزرائے اعلیٰ، وزیر اعظم آزاد کشمیر، خارجہ، سائنس و ٹیکنالوجی اور اطلاعات کے وفاقی وزرا، مشیر خزانہ اور مشیر کامرس بھی شامل ہیں، کمیٹی ملکی معاشی اشاریوں کا جائزہ لے گی، اس کے علاوہ معاشی اہداف کا تعین اور ان کے حصول کے لئے حکمت عملی مرتب کرے گی،اس کے علاوہ معاون خصوصی قومی سلامتی کو اکنامک آؤٹ ریچ کوآرڈینیشن گروپ کا کنوینر مقررکیا گیا ہے ، کوآرڈینیشن گروپ میں چیف سیکرٹریز اور وزارتوں کے سیکرٹریز شامل ہیں، کوآرڈینیشن گروپ ملکی معیشت کی بہتری کے لئے موثر ایکشن پلان پیش کرے گا۔