اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کیلئے دائر درخواست کی سماعت ڈویژن بنچ کے ایک رکن جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدم موجودگی کے باعث بغیر کارروائی کے 21 جنوری تک ملتوی کر دی ۔درخواست گزار حافظ احتشام احمد نے پٹیشن کے قابل سماعت ہونے کے متعلق تحریری دلائل جمع کرائے جن میں موقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان اس وقت کسی ایک حلقے کے نمائندے نہیں بلکہ پورے پاکستان بشمول درخواست گزار کے نمائندے ہیں، پانامہ لیکس کیس میں سپریم کورٹ نے ایک نظیر قائم کر دی ہے ، وزیراعظم کے منصب کے تقدس کا تقاضہ ہے کہ وہ ہر طرح کے الزامات سے پاک ہو، پٹیشن کے قابل سماعت قرار پانے کے بعد عمران خان کو اپنے دفاع کا مکمل آئینی ، قانونی اور شرعی حق ہے ۔ تحریری دلائل میں استدعا کی گئی ہے کہ فریقین سے جواب طلبی کی جائے ۔