اسلام آباد،کوئٹہ ( خبر نگار، خبر نگار خصو صی،92 نیوز رپورٹ،این این آئی، آن لائن،صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کو ناراض ارکان کے تحفظات اور خدشات دور کرنے اور پارلیمان سے اعتماد کا ووٹ لینے کی ہدایت کر دی۔ گزشتہ روز وزیراعظم سے بلوچستان کے وزیراعلیٰ جام کما ل نے ملاقات کی اور سیاسی بحران پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی اے پی اتحادی جماعت ہے ، آپ ناراض ارکان کے تحفظات اور خدشات دور کریں اورپارلیمان سے اعتماد کاووٹ لیں ، بلوچستان کی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے پارٹی کی صدارت کے تنازع پر چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی اور درخواست جمع کرائی اور کہا کہ میں نے استعفیٰ نہیں دیا، بدستور پارٹی صدر ہوں۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے وزیر اعلیٰ جام کمال نے کہا کہ ظہور بلیدی غیر قانونی قائم مقام صدر ہیں، پارٹی صدارت سے استعفیٰ نہیں دیا ،تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرونگا ،اتحادی اور ناراض ارکان میں کچھ لوگ میرے ساتھ ہیں۔بلوچستان عوامی پارٹی کے ترجمان نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال پر ہارس ٹریڈنگ کا الزام لگادیا۔ سردار عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ جام کمال نے میرے بیٹے کو من پسند وزارت کی آفرکی، ہم بھکاری نہیں ،جام کمال کوجانا پڑے گا۔