کراچی(سٹاف رپورٹر)بلدیاتی انتخابات سے قبل پارٹی کو مزید منظم کرنے کے لیے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے حکمت ِ عملی مرتب کر لی، وزیراعظم پاکستان کے دورہ کراچی سے قبل مطالبات کی فہرست تیارکرلی گئی، حکومت سے علیحدگی اختیار نہ کرنے پر تنظیمی سرگرمیوں سے دوری اختیار کرنے والے نظریاتی رہنمائوں سے رابطے سے تیز کر دیئے گئے ۔ پارٹی میں مزید کارکنان کی شمولیت کے لیے ممبر سازی مہم کاآغازکردیاگیا۔ذرائع کے مطابق متحدہ پاکستان نے اپوزیشن جماعتوں کی عدم اعتماد تحریک کا حصہ نہ بننے سے متعلق وفاقی حکومت کے سامنے اہم مطالبات رکھنے کا فیصلہ کر لیاہے جو وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے چند روز میں دورہ کراچی پر بہادر آباد مرکز آمد پر انہیں پیش کیے جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق متحدہ پاکستان کی جانب سے وفاقی حکومت کے سامنے تین بڑے مطالبات رکھے جائیں گے جن میں بلدیاتی انتخابات سے قبل بند سیاسی دفاتر کی بحالی،سینکڑوں لاپتہ کارکنان کی بازیابی اور ملک میں جلد از جلد نئی مردم شماری شامل ہیں۔متحدہ پاکستان کی جانب سے وزیر اعظم پاکستان کو موجودہ حکومت کا حصہ بننے سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے کیے جانے والے 9 نکاتی معاہدے میں ہونے والی پیش رفت سے بھی آ گاہ کیا جائے گا بعد ازاں حیدر آباد یونیورسٹی کی جلد از جلد تعمیرات کی بھی منظوری لی جائے گی۔بلدیاتی انتخابات سے قبل پارٹی کو مزید فعال کرنے کے لیے حالیہ دنوں ممبر سازی مہم کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے جس کے تحت مختلف جماعتوں کے کارکنان بڑی تعداد میں متحدہ پاکستان میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔