لاہور(سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے اعلان کیا ہے کہ کشمیرکی خاطر حکمرانوں کو جگانے کے لیے 22دسمبر کو عوام کا سمندر لے کر اسلام آباد آئیں گے ،اسلام آباد کے درودیوار ہلائیں گے ،دہلی کا جواب اسلام آباد سے دیں گے ۔کشمیریوں کی چیخیں پوری دنیا سن رہی ہے مگر اسلام آباد میں براجمان حکمران قبرستا ن کی سی خاموشی اختیارکیے ہوئے ہیں،وزیراعظم اور ان کی پوری ٹیم نظریہ پاکستان سے نابلد ہے قوم کو دھوکہ دیا جارہاہے ۔ حکمران کشمیر کی آزادی ،معاشی اصلاح اور عوام کو انصاف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوئے ہیں۔ پاکستان کے بہادر اور غیور عوام پاکستان کی سلامتی سے کھیلنے والوں کا بوریا بستر گول کردیں گے ۔اسلام آباد میں جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر اور گلگت و بلتستان کے 46ویں سالانہ جنرل کونسل کے اجتماع خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان مودی سے مطالبہ کر رہا ہے کہ کشمیر میں انصاف کریں جس کا مطلب ہے کہ وزیر اعظم نے مودی کو مسئلہ کشمیر پر منصف تسلیم کرلیا ہے ۔ بزدل حکمرانوں کے باعث نریندر مودی نہ صرف کشمیر کو ہڑپ کر نے کی سازش کر رہاہے بلکہ مظفر آباد اور اسلام آباد کی جانب بڑھ رہاہے ۔ حکمران اسلام آباد کے گر م کمروں میں بیٹھ کر ٹیپو سلطان بننے کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ یوم اقبال پر کرتارپور کا افتتاح ہورہاتھا اور بھارتی سپریم کورٹ نے بابری مسجد کی جگہ مندر کی تعمیر کا فیصلہ دے دیا ۔موجودہ حکومت کے 14 مہینے ناکامیوں کی ایک داستان ہے ۔ حکمرانوں نے ہر وہ کام کیا جس کا انتخابات سے پہلے کبھی نہ کرنے کا اعلان کیا تھا اور عوام کے ساتھ ساتھ اپنے کارکنان کو بھی مایو س کردیا ۔