اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعظم ڈیلیوری یونٹ نے بہترین پرفارمنس دکھانے والی ٹاپ 10 وزارتوں سے متعلق رینکنگ جاری کر دی، وزارت ماحولیات 57 فیصد عوامی اطمینان جیت کر پہلے نمبرپر رہی۔ تفصیلات کے مطابق عوامی مسائل اور شکایات کے حل میں کونسی وزارت سب سے آگے ہیں؟ وزیراعظم ڈیلیوری یونٹ نے وفاقی وزارتوں کی رینکنگ جاری کر دی جس کے مطابق وزارت ماحولیات 57 فیصد عوامی اطمینان جیت کر پہلے نمبرپر ہے ، معاون خصوصی ملک امین اسلم کی کوششوں کو عوامی سطح پر پذیرائی ملی،وزارت کامرس 53 فیصد کارکردگی کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ وزارت پارلیمانی امور بہتر کارکردگی کے ساتھ ٹاپ 3 میں شامل ہے ، بابر اعوان نے تیسری مرتبہ وزارت کا حلف لے کر معاملات کوبہتر بنایا۔اسدعمر کی وزارت منصوبہ بندی 51 فیصد ووٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر جبکہ وزارت اطلاعات 50 فیصد ووٹوں کے ساتھ 5 ویں نمبر ، وزارت انسداد منشیات 50 فیصد ووٹ کے ساتھ چھٹے نمبر اور وزارت خارجہ 49 فیصد کارکردگی کے ساتھ 7 ویں نمبر پر ہے ۔وزارت بین الصوبائی رابطہ49 فیصد کارکردگی کے ساتھ 8 ویں نمبر پر ہے جبکہ وزارت اوورسیز عوامی اعتماد جیتنے میں کامیاب رہی اور ٹاپ 10 میں 9 ویں نمبر پر ہے ۔وزیراعظم ڈیلیوری یونٹ کے مطابق وزارت نجکاری 46 فیصد کارکردگی کے ساتھ آخری پوزیشن پر ہے ۔