لاہور،ملتان (سپیشل رپورٹر،کرائم رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملتان میں سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب ،یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے نئے کیمپس ،آواز سے کنٹرو ل ہونے والی خصوصی وہیل چیئر بنانے کے سنٹر ،نابینا افراد کیلئے پبلشنگ سنٹر برائے بریل کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ وزیراعلیٰ نے خواتین پر تشدد کے واقعات کے سدباب کے لئے قائم سنٹر کی بحالی کے پروگرام کا آغاز کیااورسرکٹ ہاؤس میں شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔ انہوں نے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے مسائل بھی سنے ۔ وزیر اعلیٰ نے صحافیوں کیلئے صحافی کالونی فیز ٹو کا اعلان بھی کیا ۔وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ جیل ملتان کو بھی شہر سے باہر منتقل کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ غلہ منڈی، ٹمبر مارکیٹ اور لوہا مارکیٹ کو مرحلہ وار شہر سے باہر منتقل کرینگے ۔انہوں نے ایمرسن کالج کواپ گریڈ کر کے یونیورسٹی کا درجہ دینے کا بھی اعلان کیا۔علاوہ ازیں سرکٹ ہاؤس ملتان میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے سیکرٹریز کا پہلا اجلاس ہوا۔ وزیراعلیٰ نے منتخب نمائندوں کے حلقو ں کے مسائل سنے ۔ اراکین اسمبلی نے اپنے علاقوں کے مسائل کے حل اور فلاح عامہ کے منصوبوں کے بارے میں تجاویز دیں۔ وزیراعلیٰ نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں تعینات سیکرٹریز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افسردفاتر میں بیٹھنے کے بجائے فیلڈ میں نکلیں اور تمام امور کا خود جائزہ لیں۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا گورننس ماڈل مثالی ہونا چاہیئے ۔کرپشن نہ پہلے برداشت کی، نہ آئندہ برداشت کروں گا۔ وزیراعلیٰ نے سرکٹ ہاؤس ملتان میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملتان جم خانہ کلب بنانے کی بھی اصولی منظوری دی۔ نشتر ہسپتال ٹو کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں اختر ملک،احمد حسین ڈہیڑ، جاوید انصاری، سبین گل، سلیم لابر، خالد وڑائچ اور دیگر شامل تھے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے معروف صنعتکار خواجہ جلال الدین رومی نے ملاقات کی۔ خواجہ جلال الدین رومی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ملتان اور شجاع آباد کے لوگوں کو قرض حسنہ دینے کیلئے 50 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے وکلاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام جنوبی پنجاب صوبے کی جانب پہلا قدم ہے ۔ ملتان اور بہاولپور میں سیکرٹریٹ قائم کئے گئے ہیں اور بہت جلد وزیراعظم سنگ بنیاد رکھیں گے ۔نشتر ہسپتال ٹو جلد فنکشنل ہوگا۔ وہاڑی ملتان روڈ کی دو رویہ تعمیر بھی شروع ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ملتان میں وکلاء برادری کیلئے جگہ انتہائی کم ہے ،پولیس لائنز میں 20 اور ڈسٹرکٹ کورٹس میں 6 کنال اراضی وکلاء برادری کیلئے مختص ،پارکنگ پلازہ بھی بنے گا۔ صحافی کالونی کیلئے 5 کروڑ 31 لاکھ روپے کے فنڈز کا چیک ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو دے دیا ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ جیل ملتان کا بھی دورہ کیا،قیدیوں کے مسائل، بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی اور فرائض سے غفلت پر سپرنٹنڈنٹ جیل چودھری ارشد وڑائچ کو معطل کر دیا۔ ڈسٹرکٹ جیل میں یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈسٹرکٹ جیل کی تزئین کے پروگرام کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے شجرکاری مہم کے تحت جیل میں پودا بھی لگایا اور شجرکاری مہم کی کامیابی کے لئے دعا مانگی۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے رات گئے بغیر پروٹوکول ملتان شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا۔صفائی کی خراب صورتحال اور سٹریٹ لائٹس کی بندش کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور حکام کی باز پرس کی۔ فرائض سے غفلت برتنے پر ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ڈپٹی منیجر عثمان خورشید ، انچارج سٹریٹ لائٹس نفیس احمد کومعطل کر دیا ۔