لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کہا ہے کہ سردار عثمان بزدار پر کوئی ایف آئی آر درج ہوئی ، نہ ہی فرد جرم یا نیب ریفرنس دائر ہوا ہے اور نہ ہی ابھی تک وعدہ معاف گواہوں کے حوالے سے کوئی نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا۔تحریکِ انصاف کی جانب سے سبطین خان، عبدالعلیم خان اور اب وزیرِ اعلیٰ پنجاب نیب پیش ہو رہے ہیں لیکن اعلیٰ جمہوری اقدار کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے بزدار حکومت کسی ریاستی ادارے پر الزام تراشی اور دشنام طرازی نہیں کرے گی، بلکہ نہایت احترام اور تزک و احتشام سے تمام کیسز کا سامنا کرے گی۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب بھی ن لیگی قیادت کو انکی لوٹ مار اور کرپشن کے حوالے سے پوچھ گچھ کے لیے نیب بلایا جاتا ہے تو وہ ریاست، جمہوریت، پارلیمانی نظام اور 18ویں ترمیم کے خطرے میں ہونے کا شور مچانا شروع کر دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت جنوبی پنجاب صوبے کے وعدے کو پورا کرنے کے لیے پوری نیک نیتی کے ساتھ کام کر رہی ہے ۔ پنجاب کی آدھی وزارتیں اپنے پاس رکھنے والے ظالمِ اعلیٰ شہباز شریف نے بطور وزیرِ اعلیٰ عوام کو بہاولپور صوبہ اور سرائیکی صوبہ میں الجھائے رکھا تا کہ اقتدار ان کے ہاتھ سے چھن نہ جائے ۔