کراچی(رپورٹ:ایس ایم امین) تحریک انصاف کی قیادت نے ایک بارپھرسندھ کواپنی سرگرمیوں کا مرکز بنانے کا فیصلہ کرلیا، وزیراعظم عمران خان کے دورہ سندھ سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری سندھ کا دورہ کریں گے ۔جے آئی ٹی رپورٹ کی بنیاد پر تحریک انصاف پیپلز پارٹی پراپنادباؤ برقراررکھنے کے لیے سندھ میں جنوری کے آخری ہفتے میں اہم سیاسی سرگرمیوں کے لیے پرتول رہی ہے ۔ وزیراعظم عمران خان 25 جنوری سے سندھ کا دورہ کریں گے جبکہ ان کی آمد سے قبل وفاقی وزیرفواد چودھری 15 جنوری کو دو روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے اور اہم سیاسی ملاقاتیں کریں گے ۔دوسری جانب سندھ میں ایوان کے اندر سے تبدیلی کے لیے تحریک انصاف نے نئے فارمولے پربیک ڈوررابطے دوبارہ شروع کردیئے ہیں ۔نئی حکمت عملی کے تحت پیپلزپارٹی کوسندھ اسمبلی میں اکثریت سے محروم کرنے کے لیے تحریک عدم اعتماد لانے کی تیاری شروع ہوگئی ۔سندھ میں حکومت کی تبدیلی کے لیے درکار ارکان اسمبلی کی مطلوبہ تعداد نہ ہونے کے باوجود تحریک انصاف کی وفاقی اورصوبائی سطح پر معطل سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوگئی ہیں اوروزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ کوعہدے سے ہٹانے کے لیے بیک ڈوررابطوں کا سلسلہ ایک بارپھرشروع ہوگیا ہے ۔سندھ اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے لیے تحریک انصاف کو 25 ارکان کی ضرورت ہوگی ۔ تحریک انصاف کا دعویٰ ہے کہ سندھ میں تبدیلی کے لیے درکارارکان کی مطلوبہ تعداد کے لیے ان کا ہوم ورک مکمل ہوچکا ہے ۔