لاہور(کامرس رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے قومی اسمبلی کے ایوان سے بھرپور اعتماد کا ووٹ لینے پر وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد دی اور اپنے بیان میں کہا کہ قومی اسمبلی کی اکثریت نے وزیراعظم پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور وزیراعظم نے 2018 کے مقابلے میں زیادہ ووٹ لئے ۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اعتماد کا ووٹ لینے کا دلیرانہ فیصلہ کرکے پی ڈی ایم کو چاروں شانے چت کیا اور آج پھر شفافیت اور حق کی جیت ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے اراکین کا وزیراعظم عمران خان پر بھرپور اعتماد اپوزیشن کے منہ پر طمانچہ ہے ۔قومی اسمبلی میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو گیا۔کل شادیانے بجانے والوں کو اب منہ چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی۔ قومی اسمبلی نے چوروں اور لٹیروں کے بیانیے کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔ چور اور لٹیرے مقابلہ کرنے کی بجائے میدان سے ہی فرار ہو گئے ۔پی ڈی ایم ٹولے کا ایوان سے راہ فرار اختیار کرنا بزدلی ہے ۔قبل ازیں انہوں نے اسلام آباد میں اراکین قومی اسمبلی سے ملاقاتیں کیں اور سیاسی صورتحال کے تناظر میں مسلسل تیسرے روز بھی منتخب نمائندوں سے رابطے میں رہے اور قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کے حوالے سے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینٹ کے الیکشن کے لائحہ عمل پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ 11جماعتوں پر مشتمل پی ڈی ایم کا ٹولہ پہلے ہی میدان سے بھاگ گیا ہے ۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کا بائیکاٹ شکست خوردہ عناصر کا غیر جمہوری اقدام ہے ۔ اس ٹولے میں ہمت ہوتی تو مقابلہ کرتے ۔بعدازاں انہوں نے سینئر رپورٹر لیاقت انصاری کے بھائی نزاکت علی انصاری کے انتقال پرتعزیت کا اظہارکیا۔دریں اثنا انہوں نے بلوچستان کے علاقے سبی میں مزدوروں کی گاڑی کے قریب بم دھماکے کی شدید مذمت کی اور5مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔