اسلام آباد( سید نوید جمال )وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی ترجمانوں کی مسلسل ناقص کار کردگی پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔وزیر اعظم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت پر پاکستانی نقطہ نظر عالمی سطح پر بہترین انداز میں اجاگر کرنے پر وزیر خارجہ شاہ محمود کی تعریف کی ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر اعظم حکومتی ترجمانوں کی کارکردگی سے مایوس نظر آئے اور انھوں نے شرکا کے سامنے یہ سوال رکھا کہ ان کی میڈیا حکمت عملی ناکام کیوں ہے اور کیوں عوام میں حکومت کے حوالے سے منفی تاثر پھیل رہا ہے اور حکومت کے خلاف میڈیا میں منفی پراپیگنڈا کیوں ہے ؟ وزیر اعظم نے اپنی فنانس ٹیم کو فرنٹ پر آنے کی ہدایت کی اور اسے ہدایت کی کہ وہ میڈیا کا سامنا کرے تاکہ عوام کو حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کے بارے میں مطمئن کیا جا سکے ۔وزیر اعظم نے پارٹی ترجمانوں پر زور دیا کہ وہ پوری تیاری کے ساتھ میڈیا کے سامنے جائیں اور حکومتی پالیسیوں کا بھرپور طریقے سے دفاع کریں۔