اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍ 92نیوز رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے عبدالحفیظ شیخ کو بطور وفاقی وزیر کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے ملاقات کی۔وزیراعظم نے عبدالحفیظ شیخ پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہامعیشت کی بہتری کیلئے حفیظ شیخ کی خدمات ہیں،پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے میں حفیظ شیخ کا اہم کردار ہے ۔وزیراعظم نے حفیظ شیخ کو بطور وفاقی وزیر کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔ذرائع کے مطابق ملاقات کے بعد عبدالحفیظ شیخ نے استعفیٰ نہ دینے کافیصلہ کرلیا۔علاوہ ازیں وزیر اعظم سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، خالد مقبول صدیقی، غوث بخش مہر، وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال، وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا، نواب شاہ زین بگٹی، خالد خان مگسی، وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، شفقت محمود، پرویز خٹک، اسد عمر، طارق بشیر چیمہ اور سید امین الحق نے ملاقات کی۔ارکان نے وزیرِ اعظم کو اعتماد کے ووٹ میں کامیابی پر مبارکباد دی اور مستقبل میں بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔