ملتان(سپیشل رپورٹر،خبرنگار )وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ن لیگ کے دور حکومت میں ساڑھے چار سال تک وزیر خارجہ کا تقرر نہ کرکے پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا اور کمزور کرنے کی سازش کی گئی۔ پاکستان کا مفاد سب سے برتر ہے اور اسی کو سامنے رکھ کر پاکستان کی خارجہ پالیسی از سرنو تشکیل دیں گے ۔عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کریں گے ۔ عمران خان کے ویژن کے مطابق بغیر پروٹوکول اور ذاتی گاڑی پر بطور وزیر خارجہ عوام کے پاس آیا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی جانب سے این اے 156 کے ووٹرز ، سپورٹرز، بلدیاتی نمائندوں، اراکین اسمبلی کے اعزاز میں منعقدہ عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں جماعت اہلسنت کے نمائندہ وفد نے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس کی قیادت صوبائی ناظم اعلیٰ علامہ محمد فاروق خان سعیدی اور ریجنل چیف آرگنائزر علامہ سید محمد رمضان شاہ فیضی نے کی۔ دربار حضرت چادر والی سرکار کے سجادہ نشین پیر سید علی حسین شاہ نے بھی شاہ محمود سے ملاقات کی اور وزیر خارجہ بننے پر مبارکباد دی۔علاوہ ازیں سول سوسائٹی فورم کے رہنما شاہد محمود انصاری نے شاہ محمود قریشی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔ اس موقع پر چیف وہپ قومی اسمبلی ایم این اے ملک محمد عامر ڈوگر اور آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی بھی موجود تھے ۔