اسلام آباد، کراچی(وقائع نگار خصوصی،این این آئی)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کابینہ خود ایک پیچ پر نہیں۔ایک ٹویٹ میں بلاول نے کہا کہ وزیر خزانہ اسد عمر نے پارلیمنٹ میں میری تقریر کو ملک دشمن قرار دیا جبکہ وزیر خارجہ میری تقریر کے ساتھ مکمل متفق تھے ۔میری تقریر پر کابینہ متفق نہ ہونے سے ثابت ہوا کہ کابینہ خود ایک پیج پر نہیں ۔انہوں نے کہاکہ وزیر خزانہ نے میری انگلش میں تقریر پر اعتراض کیا لیکن شاہ محمود قریشی نے خود انگلش میں تقریر کی۔اسد عمرکیسے غیرت پر لیکچر دے سکتے ہیں؟دوسری جانب پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگومیں سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہاکہ بلاول بھٹو نے سرحدی صورتحال اور دیگر معاملات کیساتھ معیشت پر گفتگو کی، جواب میں وزیر خزانہ اسد عمر نے ذاتی حملہ کیا ،ذاتیات پرحملہ افسوسناک ہے ۔ سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ اسد عمر کا بیان سن کر افسوس ہوا ،وزیر خزانہ کو معیشت کا کوئی پتہ ہی نہیں،موجودہ حکومت کا خاتمہ پرسکون نہیں ہوگا،انہیں عوام کے غیض وغضب کا سامنا کرنا پڑے گا ،آپ نے 50 اداروں کو بیچنے کی بات کی،انکے ملازمین کہاں جائیں گے ؟آپ ملک کو بیچنے پر تلے ہوئے ہیں ، منصوبہ درست نہیں ،کیا کیا بیچو گے ، آنے والے وقت میں بلاول ہی ملک کی قیادت کرینگے ۔