لاہور( پ ر ) پاکستان تحریک انصاف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں دلیرانہ موقف اپنانے اور مسلمانوں کی حقیقی معنوں میں ترجمانی کرنے پر وزیر اعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کر ادی ۔ رکن اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75ویں اجلاس میں تاریخ ساز اور جامع خطاب کیا ۔وزیر اعظم عمران خان نے نا صرف پاکستان کے مسلمانوں بلکہ عالم اسلام کی نمائندگی کا حق ادا کیا ہے ۔وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کا مضبوط موقف اپناتے ہوئے بھارت اور یورپ کے اسلاموفوبیا کو فروغ دینے اور اس پر کنٹرول کرنے پر کھل کر اظہار کیا۔ دریں اثنا مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی رابعہ فاروقی نے ایک تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس کے مطابق پنجاب کے سرکاری سکولوں میں 90 ہزار اساتذہ کی آسامیاں خالی ہونے کا انکشاف ہوا ہے تحریک انصاف کے تین سالہ دور میں ایک بھی استاد بھرتی نہ کیا جا سکا۔ 90 ہزار سے زائد اساتذہ کی خالی اسامیوں کے باعث صوبے کا تعلیمی نظام بری طرح سے متاثر ہونے لگا۔ حکومت کے تین سالوں میں صرف وزیر اعظم کے حلقہ میانوالی میں 221 اور چند درجن مری میں اساتذہ بھرتی کئے گئے ۔