لاہور،اوکاڑہ(وقائع نگار،جنرل رپورٹر،کرائم رپورٹر،92نیوزرپورٹ،ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوا۔ پنجاب کابینہ نے درآمدی گندم ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان سے خریدنے کی منظوری دی۔ اجلاس میں محکمہ خوراک حکومت پنجاب کو درآمدی گندم خریدنے کیلئے ٹی سی پی کے ساتھ معاہدہ کرنے کی اجازت دینے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں گندم کی امدادی قیمت پر نظرثانی کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی۔ کمیٹی گندم کی نئی امدادی قیمت مقرر کرنے کے حوالے سے اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی فصل کی بوائی سے قبل گندم کی امدادی قیمت پر نظرثانی کیلئے حتمی سفارشات پیش کی جائیں۔اجلاس میں ہاتھی چوک راولپنڈی میں دھماکے کے متاثرین کے لواحقین کو مالی امداد دینے کی منظوری دی گئی۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ نے صوبے میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔وزیراعلیٰ نے بچوں کو قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔ صوبائی وزراء عبدالعلیم خان، ڈاکٹر یاسمین راشد، سردار حسنین بہادر دریشک اور چیف سیکرٹری نے بھی بچوں کو قطرے پلائے ۔ پنجاب میں آج سے شروع ہونے والی 5 روزہ انسداد پولیو مہم 25 ستمبر تک جاری رہے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ مشترکہ کاوشوں سے پولیو وائرس کا خاتمہ کریں گے ۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ نے دیپالپور میں گھر میں دوران ڈکیتی خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کر لی اور ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیا ۔دریں اثنا انہوں نے چکوال کے قریب اعجاز آباد میں ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔علاوہ ازیں وزیراعلی پنجاب نے صوبے بھر میں بڑھتے ہوئے کرائم پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی کو طلب کرلیا۔آئی جی پنجاب نے گزشتہ ایک ماہ کے واقعات کا ریکارڈ بھی پیش کیا اور سیالکوٹ موٹروے تحقیقات پیش رفت کا معاملہ کے با رے میں بھی بتا یاجس پر وزیر اعلیٰ نے آ ئی جی پنجا ب پو لیس کو مرکزی ملزم عا بد کی گرفتاری کیلئے ہر ممکن انتظا ما ت بروئے کا ر لا نے کی ہدا یت کی ۔وزیراعلیٰ نے صوبے میں زیادتی اور چوری ڈکیتوں اور موٹروے کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کی گرفتاری پر بر یفنگ لی۔