اسلام آباد (شاہین صہبائی) بنی گالہ کے انتہائی معتبر ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے استعفے یا ہٹائے جانے کی باتیں ہوائی ہیں اور وہ کہیں نہیں جا رہے ۔ بعض چینلز پر خبر چلی کہ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے استعفیٰ طلب کرلیا ہے مگر جب میں نے بنی گالہ میں رابطہ کیا تو جواب ملا کہ یہ سب غلط اور بھیانک پراپیگنڈا ہے ، جو ان لوگوں نے پھیلایا ہے جو وزیراعلیٰ کی جگہ لینے کے خواہشمند ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے عثمان بزدار کے خلاف کرپشن کے تمام الزامات کی تحقیقات کرائی اور کسی ایک الزام میں بھی کوئی سچائی نہیں۔ یاد رہے کہ ایک ٹاک شو میں خبر دی گئی تھی جو بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔