کراچی (این این آئی)وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی جانب سے 11 تا 16 جولائی ملک بھر میں مدارس کے امتحانات کا اعلان کردیا گیا، کورونا کے باعث حکومت نے انٹر تک کے طلبہ کو پروموٹ کرنے کا فیصلہ کیا تھا ، وفاق المدارس نے حکومت سے اجازت حاصل کرنے کا دعویٰ بھی کیا، کراچی میں وفاق المدارس العربیہ کے ترجمان طلحہ رحمانی نے بتایا فیصلہ وفاقی حکومت کی مشاورت کے بعد کیا، امتحانات محدود پیمانے پر ہوتے ہیں اور اس دوران حکومتی ایس او پیز پر عمل آسانی سے ہوجاتا ہے ، وفاق کی انتظامیہ نے کہا امتحانات کے بغیر طلبہ کو پروموٹ نہیں کر سکتے ، ناظم اعلیٰ مولانا حنیف جالندھری کا کہنا تھا طلبہ کا امتحان اس لیے بھی ضروری ہے کیونکہ بعد ازاں ایچ ای سی انہیں مساوی سرٹیفکیٹ جاری کرتا ہے ، امتحان کے بغیر طلبہ کو ترقی دے دیں گے تو طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ جائے گا، عید کے بعد تدریسی عمل سے متعلق انہوں نے کہا ابھی اس حوالے سے اجازت نہیں ملی ، انتظامیہ وفاق المدارس نے یہ بھی کہا کامیاب طلبہ کو جو اسناد دی جاتی ہیں اس میں یہ گواہی ہوتی ہے کہ طالب علم نے امتحان دیا، جب امتحان ہی نہیں ہوگا تو پھر یہ سند کیسے جاری کی جائے گی، سندھ کی وزارت تعلیم کی جانب سے بتایا گیا کہ 18ویں ترمیم کے باوجود مدارس کا انتظام اب بھی وفاق کے پاس ہے ۔