کراچی(سٹاف رپورٹر)وفاق اور سندھ دونوں نے کراچی سرکلرریلوے ٹرین چلانے سے انکارکردیا ہے ۔کراچی ائرپورٹ پر گفتگوکرتے ہوئے وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے کہاکہ وفاق کراچی سرکلرریلوے ٹرین نہیں چلائے گا، کراچی سرکلرریلوے کی پی سی ون سندھ حکومت نے منظورکرائی، بیجنگ معاہدے کے بعد ایکنک سے کراچی سرکلر ریلوے کیلئے 260 ارب روپے منظورکرائے گئے ، ، 15 دن میں 43 کلومیٹر کلیئر کرکے ٹریک سندھ حکومت کے حوالے کردیں گے ۔ کسی کے خلاف بولنا اچھا نہیں لگتا تاہم سندھ میں سوائے ایڈزستان کے کچھ بھی نہیں ہورہا ہے ، جہیز میں ہمیں جو ملا اسکی سزا پوری قوم کو مل رہی ہے ، ڈالر کی قیمتوں میں اضافہ نواز شریف اور شہباز شریف کی مرہون منت ہے ۔انہوں نے کہاکہ مودی کو جیتنا تھا میں جانتا تھا، یہ واحد سیاستدان ہے جو امریکہ کی جیب کی گھڑی بن گیا ہے ۔جوابی بیان نے سندھ کے وزیرٹرانسپورٹ اویس شاہ نے بھی کراچی سرکلرریلوے ٹرین چلانے سے انکارکردیا اور کہاکہ ریلوے وفاقی حکومت کا سبجیکٹ ہے سندھ کا نہیں،سرکلر ریلوے وفاق نے چلانا ہے ۔ سپریم کورٹ کے احکامات پر سندھ حکومت ریلوے ٹریک سے تجاوزات ہٹارہی ہے ۔ وفاق منصوبہ مکمل کرکے دے گا تو پھر سندھ حکومت اسے چلانے کو تیار ہے ۔شیخ رشید نے ابھی تک بیانات کے سوا کچھ نہیں کیا،ٹرینوں کا نظام خراب ہوتا جارہا ہے اور شیخ رشیدعمران خان کو لوریاں سنانے میں لگے ہیں۔