اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،صباح نیوز) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ سندھ کے حالات ابتر ہو چکے ہیں جبکہ جعلی اکائونٹس کا پوچھیں تو مراد علی شاہ بلاول کا بیانیہ دہراتے ہیں لیکن یاد رکھیں وفاق بچے گا ، انکی تقسیم کی سیاست نہیں بچے گی۔ قومی اسمبلی اجلاس میںخطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کچرا کنڈی بن چکا ، لوگوں کی اموات ہورہی ہیں، پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں،سندھ کی ترقی پر استعمال ہونے والا پیسہ جعلی اکاؤنٹس میں منتقل ہوا۔انہوں نے کہا کہ وفاق نے کراچیکیلئے کمیٹی قائم کر کے مسائل حل کرنے کی بات کی تو جواب دیا گیا کہ وفاق نہیں بچے گا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ غربت سندھ میں ہے ۔ پیپلز پارٹی کے رکن عبد القادر پٹیل نے کہا کہ پہلے آرٹیکل اے کے 47 سے کراچی چلایا جاتا تھا، اب آئین کے آرٹیکل 149 کے ذریعے کراچی کو علیحدہ کرنے کا خواب دیکھا جا رہا ہے ۔پیپلز پارٹی نے قربانیاں دے کر وفاق و پاکستان کو بچایا ۔ مسلم لیگ ن کے رہنما ڈاکٹر درشن نے کہا کہ گھوٹکی میں ہندوؤں کی عبادت گاہوں پر حملے کر کے پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش کی گئی ، پختونخوا اور بلوچستان میں ایسے واقعات تو نہیں پیش آتے ۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پورا پاکستان آپ کے ساتھ کھڑا ہے ، آپ جیسی قانون سازی کرنا چاہتے ہیں بل لائیں پوری پارلیمنٹ حمایت کر یگی۔پیپلز پارٹی کے رہنما رمیش لال نے کہا کہ پتہ نہیں یہ شرپسند کون ہیں جو پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ جے پرکاش ،ڈاکٹر مہیش کمار،لال چند،کھیل داس اور جمشید تھامس نے بھی گوٹکی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اس میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے جواب دیا کہ گزشتہ روز مسلم برادری گھوٹکی میں ہندو بھائیوں کی حفاظت کیلئے جاگتی رہی ۔مفتی عبدالشکور ،نواب یوسف تالپور ،راجہ پرویز اشرف نے بھی واقعات کی مذمت کی۔اپوزیشن کے اعتراض پر قومی اسمبلی میں سپریم کورٹ کے ججز کی سبکدوشی کی عمر میں3 سال اضافہ کے آئینی ترمیمی بل کو موخر کر دیا گیا۔ سپیکر اسد قیصر نے ارکان کو اجلاس کی کارروائی کے دوران آگاہ کیا کہ وہ پروڈکشن آرڈر کے معاملے پر رولنگ لکھ رہے ہیں، جلد جاری کر دی جائے گی۔ قومی اسمبلی نے ارکان امجد علی خان اور میاں نجیب الدین اویسی کی طرف سے پیش کئے گئے بل موخر کردیئے ۔ اجلاس منگل کو بھی کورم کی زد میں رہا ،ایوان میں دو بار کورم مکمل نہ ہونے کی وجہ سے اجلاس کی کارروائی روکنا پڑی ۔دوسری بار کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے سپیکر اسد قیصر نے اسمبلی اجلاس کل جمعرات دن 11بجے تک ملتوی کردیا ۔