اسلام آباد،لاہور(وقائع نگار خصوصی،نمائندہ خصوصی سے ،خبرنگارخصوصی،اپنے رپورٹر سے )وفاقی حکومت نے بیوروکریسی میں بڑی تعداد میں تقررو تبادلے کر دیئے ہیں۔جمعہ کو اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت نے او ایس ڈی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن محمد جہانزیب کو جوائنٹ سیکرٹری فنانس ڈویژن تعینات کر دیا ۔تقرر کے منتظر گریڈ 20 کے افسرعلی طاہر کی خدمات پنجاب حکومت اورڈپٹی سیکرٹری کامرس ڈویژن ذوالفقار علی بھٹی کی خدمات نیکٹا کے سپرد کر دی گئیں۔ڈپٹی سیکرٹری وزارت مذہبی امور انعام الحق کی خدمات بلوچستان حکومت کو واپس کر دی گئیں۔قراۃ العین فاطمہ کو ڈپٹی سیکرٹری اسٹیبشلمنٹ ڈویژن مقرر کر دیا گیا۔وزیراعظم دفتر میں تعینات گریڈ18 کے افسر عمران علی کی خدمات پنجاب حکومت کے سپرد کر دی گئیں۔تقرر کے منتظر گریڈ 19 کے افسر سید محمد افضل زیدی کی خدمات سندھ حکومت کے سپرد کر دی گئیں۔سیکشن افسر پٹرولیم ڈویژن سحرش خان کو سیکشن افسر کابینہ ڈویژن تعینات کر دیا گیا ۔تقررکے منتظر گریڈ 18 کے عدنان خان کو سیکشن افسر قومی ورثہ ڈویژن جبکہ محمد نوید اصغر کو سیکشن افسر نیشنل ہیلتھ سروسز ڈویژن تعینات کر دیا گیا۔گریڈ 18 کی افسرنوشین محی الدین کو سیکشن افسر بین الصوبائی رابطہ ڈویژن اورگریڈ 17 کی ملیحہ لیصرکو سیکشن افسر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن تعینات کر دیا گیا۔تقرر کے منتظر گریڈ 20 کے افسر ذوالفقار حسین اعوان کو او ایس ڈی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن بنا دیا گیا۔علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے ایک انتظامی سیکرٹری کو تبدیل کرنے اور ایک کو اضافی ذمہ داریاں سونپنے کے احکامات جاری کر دئیے ۔گزشتہ روز سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ندیم ارشاد کیانی سیکرٹری لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کو تبدیل کر کے سیکرٹری مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ تعینات کر دیاگیا جبکہ انکی تعیناتی تک مذکورہ اسامی گریڈ20سے گریڈ21 میں اپ گریڈ کر دی گئی ۔ کیپٹن (ر) ثاقب ظفر سیکرٹری انرجی کو سیکرٹری لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کا اضافی چارج سونپ دیا گیا ۔دریں اثنابلدیاتی اداروں کے چیف آفیسرز اور ریگولیشن آفیسرز کو بطور انفورسمنٹ آفیسرز بھی تعینات کر دیا گیا۔محکمہ بلدیات پنجاب نے افسروں کو اختیارات دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔یہ اختیار لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019کے سیکشن 281اور283کے تحت دیا گیا۔انفورسمنٹ آفیسرز کے احکامات کیخلاف اپیل ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اور اسسٹنٹ کمشنر سنیں گے ۔