کراچی(سٹاف رپورٹر)جی ڈی اے نے وفاقی حکومت کی حمایت جاری رکھنے اوروزیراعظم کے عشائیہ میں شرکت کی یقین دہانی کرادی ہے ۔ گورنرسندھ عمران اسماعیل نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر، وفاقی وزیربرائے نجکاری محمد میاں سومرو، رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ اور دیگر کے ہمراہ گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے سربراہ پیر پگاڑا صبغت اللہ شاہ راشدی سے ملاقات اوران کے ظہرانے میں شرکت کی۔ملاقات میں پیرپگاڑا کو وزیراعظم کی جانب سے اتوارکواتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کے اعزازمیں عشائیہ میں شرکت کی دعوت دی ۔اس موقع پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ میں یہاں کسی کو منانے کے لئے نہیں آیا،کنگری ہاؤس میرا اپنا ہے ۔وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ کے فور منصوبے کے لئے وفاق نے اپنا حصہ بجٹ میں رکھا ہے ، کے فور منصوبے کی رپورٹ سندھ حکومت کے پاس ہے ،ملک کی بہتری کے لئے کام کرنے والے ہر دبائوکے باوجود کھڑے ہیں۔ پیر صدر الدین شاہ راشدی نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم ہونے کے باوجود سندھ میں کام نہیں ہورہے ، بجٹ کے بعد ہم پوچھیں گے کہ سندھ میں پیسہ کہاں خرچ ہوا۔ وفاقی حکومت کے حوالے سے خدشات نہیں ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ حکومت پانچ برس مکمل کرے ۔