اسلام آباد (سپیشل رپورٹر،صباح نیوز) وفاقی وزیر علی محمد مہر کے انتقال کے سوگ میں قومی اسمبلی کا اجلاس بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کر دیا گیا۔ تعزیتی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی گئی۔ اجلاس سپیکر اسد قیصر کی صدارت میں ہوا۔ متحدہ مجلس عمل کے رکن مولانا عبدالواسع نے علی محمد مہر مرحوم کے لئے دعا کرائی۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے تعزیتی قرارداد پیش کی جس میں علی محمد مہر کی سیاسی اور ملک و قوم کے لئے خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، مولانا عبدالاکبر چترالی، خواجہ محمد آصف اور دیگر ارکان نے علی محمد مہر مرحوم کی خدمات کو اجاگر کیا۔ ،اجلاس میں قمر زمان کائرہ کے بیٹے کی وفات اور فرشتہ مہمند کے لئے بھی فاتحہ خوانی کی گئی۔سپیکر نے روایت کے مطابق اجلاس بغیر کسی کارروائی کے پیر تک ملتوی کر دیا۔ علاوہ ازیں اسد قیصر کی زیرصدارت قومی اسمبلی کی ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ بزنس ایڈوائزری کمیٹی نے قومی اسمبلی کے موجودہ اجلاس کو 31مئی تک جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے ، اجلاس میں وقفہ سوالات سمیت قانون سازی اوردیگر ملکی اہم امور پر بحث کی جائے گی۔ تعزیتی قرارداد منظور