اسلام آباد؍ کراچی(سپیشل رپورٹر؍ سٹاف رپورٹر) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کااجلاس آج ہوگا۔ اجلاس میں 20 نکاتی ایجنڈے پر غور کیاجائے گا ۔معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد کے دورہ پاکستان پرکابینہ کو اعتماد میں لیں گے جبکہ وزیر خزانہ اسدعمر ملائیشیا کے ساتھ معاہدوں پر بریفنگ دیں گے ۔اجلاس میں لاہورنئی دہلی بس سروس معاہدے میں توسیع کا جائزہ،سرمایہ کاری بورڈ کی تشکیل نو کی سمری پر غور کیاجائیگا جبکہ ہوا بازی پالیسی 2019 کی منظوری دے گی۔کابینہ اجلاس کراچی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ بورڈ کی تشکیل نو کی سمری بھی پیش ہوگی اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کی تشکیل نوکا جائزہ لیاجائے گا۔ اسی طرح اجلاس میں مختلف اداروں میں تقرریوں کی منظوری دی جائے گی۔ پی ٹی ڈی سی میں غیر قانونی بھرتیوں کا معاملہ بھی زیرغور آئے گا جبکہ اقتصادی رابطہ کمیٹی اورکابینہ کمیٹی توانائی کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔علاوہ ازیں وزیراعظم کل غربت مٹاؤ پروگرام کا افتتاح کریں گے ، تقریب کنونشن سنٹر اسلام آباد میں ہو گی۔وزیراعظم 29 مارچ کو کراچی جائیں گے ۔وزیر اعظم کی زیر صدارت سندھ کی اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس 30مارچ کو گھوٹکی میں ہوگا۔