اسلام آباد(سپیشل رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی )وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت داخلہ نے اپوزیشن لیڈر اور صدرمسلم لیگ( ن) شہبازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا۔وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس گزشتہ روز ہوا جس میں13نکاتی ایجنڈے پر تفصیلی غور کیاگیا۔ وفاقی کابینہ نے نیب کی سفارش پر اپوزیشن لیڈر اور صدرمسلم لیگ( ن) شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دے دی جس کے بعد وزارت داخلہ نے شہبازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا۔ وفاقی کابینہ نے نادراکے اکاؤنٹس کے آڈٹ،پاسپورٹ میں پروفیشن کے خانہ سے متعلق تجاویزکی منظوری دی۔سول سروس میں مدت ملازمت کے تحفظ کے اصلاحات کی تجاویز پیش کی گئیں۔ صحت کارڈ کے حوالے سے ہیلتھ لیوی ڈرافٹ بل منظور کرلیاگیا۔وفاقی کابینہ نے قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی بھی توثیق کر دی۔ کابینہ نے وزیراعظم کے بھارت کوکسی بھی جارحیت پر منہ توڑ جواب دینے کے فیصلے کوسراہا۔ کابینہ ارکان کو سعودی ولی عہد کے دورہ سے متعلق بھی بریف کیا گیا۔کابینہ ارکان نے سعودی ولی عہد کے کامیاب دورے پر وزیراعظم کو مبارکبادپیش کی۔وزیراعظم نے کابینہ کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر اعتماد میں لیا۔وفاقی کابینہ نے اظہر حمید کو چیئرمین ای او بی آئی، راجہ عامر خان کو چیئرمین آئی ٹی این ای،جسٹس شاہد کریم کو خصوصی عدالت کا جج ، جسٹس طاہرہ صفدر کو خصوصی عدالت کا صدر مقرر کرنے ،ہارون حسین اینڈکمپنی کو نادرا اکاؤ نٹس کے آڈٹ کی ذمہ داری سونپنے کی منظوری دیدی۔وفاقی کابینہ نے ایس ڈی جیز پر عملدرآمد پروگرام کیلئے سٹیئرنگ کمیٹی بنانے ،مختلف ملکوں کیساتھ ویزا نرمی اور فیس میں کمی اورملاوٹ شدہ دودھ کی روک تھام کیلئے بھرپورکارروائیوں کی بھی منظوری دی۔وزیراعظم نے کفایت شعاری مہم کے تحت تمام وزرا کو وزارتوں کے اخراجات فوری کم کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر اعظم آفس حکومت کی طرف سے جاری بچت مہم میں تمام وزارتوں اور سرکاری اداروں پر بازی لے گیا، جس نے اپنے اخراجات میں 31فیصد کمی کرتے ہوئے 30کروڑ 30لاکھ روپے بچائے ۔یہ بچت سٹاف کی تنخواہوں اور الائونسز، کھانے پینے کے اخراجات، گاڑیوں کے فیول اور کیش انعامات کی مد میں کی گئی ۔ اجلاس میں ملازمتوں میں تحفظ سے متعلق معاملات پر غور کرتے ہوئے مستقبل میں وزارتوں میں سیکرٹری کے عہدوں پر تعیناتی کیلئے اہل افسران کا ایک پینل تجویز کر نے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس کیلئے ایک اعلی سطح کمیٹی کے قیام کی منظوری دی جس کی سربراہی مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ کریں گے ۔ اجلاس میں سیکرٹری کے تقرر کا دورانیہ 2سال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔کابینہ نے چین کے نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارمز کمیشن اور پاکستان کے بورڈ آف انویسٹمنٹ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت کی گزشتہ تاریخوں میں منظوری د ینے کے علاوہ ریاست کے ماتحت اداروں سے متعلق کابینہ کمیٹی کے 2جنوری کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی جبکہ متروکہ وقف املاک کے ادارے کے ایڈمنسٹریٹر اور ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کی تقرری کا بھی فیصلہ کیا ۔ YUMآف چائنہ اور پاکستان کی نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز کے مابین بھی مفاہمت کی یادداشت کی منظوری دی گئی ۔کابینہ نے کلین گرین پاکستان موومنٹ کے تحت حکومت پاکستان اور چین کی اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کے مابین ایم اویو کی بھی منظوری دی۔